بھٹکل، 29 اکتوبر (ایس او نیوز): مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی سیرت مہم کے تحت آج بروز جمعرات رات پونے نو بجے اولڈ بس اسٹینڈ کے قریب واقع پبلک چبوترہ پر جلسۂ سیرت النبی ﷺ منعقد کیا جائے گا۔ جلسے میں علماء کرام رسول اللہ ﷺ کی حیاتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔ اس موقع پر سیرت کوئز مقابلوں کے نتائج کا اعلان کرنے کے ساتھ کامیاب طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
تنظیم کے جنرل سکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کی سیرت مہم کے تحت برادرانِ وطن سے ملاقاتوں اور باہمی روابط کو فروغ دینے کے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات کے لیے آن لائن اور آف لائن سیرت کوئز مقابلوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن کا مقصد نئی نسل کو رسول اللہ ﷺ کی مبارک زندگی، آپ کے اخلاق و کردار اور اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوئز مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کے لیے اول انعام 15 ہزار روپے، دوم انعام 10 ہزار روپے اور سوم انعام 5 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے 25 تشجیعی انعامات بھی دیے جائیں گے۔
مجلس اصلاح و تنظیم نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ جلسۂ سیرت النبی ﷺ میں کثیر تعداد میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔
پریس کانفرنس میں تنظیم کے ذمہ داران اقبال سُہیل اورعبدالماجد موجود تھے۔