ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانپور میں 10 ہزار کلو ایکسپائری کھجور برآمد، تاریخ بدلنے کا شبہ

کانپور میں 10 ہزار کلو ایکسپائری کھجور برآمد، تاریخ بدلنے کا شبہ

Tue, 24 Feb 2026 10:54:21    S O News
کانپور میں 10 ہزار کلو ایکسپائری کھجور برآمد، تاریخ بدلنے کا شبہ

 کانپور، 24/ فروری (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کے کانپور کے علاقے نوبستہ میں ایک گودام پر کارروائی کی گئی ہے، جسے رجنیش ٹریڈرس سے منسوب بتایا جا رہا ہے۔ یہاں سے فوڈ ڈپارٹمنٹ نے تقریباً ۱۰؍ ہزار کلو کھجوریں ضبط کی، جن کی مالیت ۵۰؍ لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی جانچ میں انکشاف ہوا کہ ان کھجوروں کی اصل میعاد ۲۰۲۲ء میں ختم ہو چکی تھی، تاہم پیکٹوں پر ۲۰۲۶ء کی نئی ایکسپائری تاریخ کے اسٹیکرز لگائے جا رہے تھے۔

رپورٹس کے مطابق فوڈ سیفٹی حکام نے ۹؍ نمونے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھیج دیے ہیں تاکہ معیار اور صحت کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ ایک ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر لیبارٹری رپورٹ میں خلاف ورزی ثابت ہوئی تو متعلقہ قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق میعاد ختم خوراک کو نئی تاریخ لگا کر فروخت کرنا نہ صرف دھوکہ دہی ہے بلکہ عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بھی بن سکتا ہے۔ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ کے تحت ایسی سرگرمیوں پر بھاری جرمانے اور قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

فوڈ ڈپارٹمنٹ نے کہا ہے کہ گودام کے ریکارڈ اور سپلائی چین کی بھی جانچ کی جا رہی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ آیا ایسی مصنوعات پہلے ہی مارکیٹ میں فروخت کی جا چکی ہیں یا نہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خریداری کے دوران مصنوعات کی میعاد ضرور چیک کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دیں۔


Share: