ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / آئی پی ایل 2025: آر سی بی نے پنجاب کو شکست دے کر بدلہ لیا، وراٹ کوہلی کی شاندار نصف سنچری

آئی پی ایل 2025: آر سی بی نے پنجاب کو شکست دے کر بدلہ لیا، وراٹ کوہلی کی شاندار نصف سنچری

Mon, 21 Apr 2025 13:09:58    S O News

چنڈی گڑھ ، 21/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)رائل چیلنزرس بنگلورو نے پنجاب کنگس کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر 2 روز قبل ملی شکست کا بدلہ لے لیا ہے۔ آئی پی ایل 2025 میں آر سی بی کی یہ پانچویں جیت ہے۔ اس مقابلے میں پنجاب کی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 157 رن بنائے، جس کے جواب میں آر سی بی کی ٹیم نے 19ویں اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر ہدف کو آسانی سے حاصل کر لیا۔ آر سی بی کے لیے وراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل نے نصف سنچری اسکور کی۔ واضح ہو کہ وراٹ کوہلی اب آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ نصف سنچری اسکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

پہلے بلے بازی کرنے اتری پنجاب کنگز کی ٹیم کی شروعات کافی اچھی رہی۔ پہلی وکٹ کے لیے 42 رنوں کی شاندار شراکت داری کے باجود وقفے وقفے سے وکٹ گرنے کی وجہ سے ٹیم ایک بہترین اسکور نہیں بنا پائی۔ آر سی بی کے اسپین گیند باز کرنال پانڈیا نے دونوں سلامی بلے بازوں کو آؤٹ کر کے پنجاب کنگس کو زبردست جھٹکا دیا۔ جس کے بعد ٹیم سنبھل نہیں سکی۔ پریانش آریہ نے 15 گیندوں میں 3 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رن بنائے۔ جب کہ پربھسمرن سنگھ نے 17 گیندوں پر 33 رنوں کی اننگ میں 5 چوکے اور ایک چھکے لگائے۔ ٹیم کے کپتان شریس ایر ایک بار پھر سستے میں آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 10 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف 6 رن بنائے۔ اخیر میں مارکو یانسن (25) اور ششانک سنگھ (31) کی اننگز کی بدولت پنجاب ٹیم بمشکل 157 کے اسکور تک پہنچ پائی۔ آر سی بی کی جانب سے کرنال پانڈیا اور سویاش شرما نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ روماریو شیفرڈ کو ایک وکٹ حاصل ہوا۔

158 رنوں کے آسان ہدف کا تعاقب کرنے اتری آر سی بی کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ پہلے ہی اوور میں سلامی بلے باز فلپ سالٹ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور دیودت پڈیکل نے 103 رنوں کی شراکت داری کر کے ہدف کو کافی حد تک آسان بنا دیا۔ پڈیکل نے 35 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکے اور 4 چھکے کی مدد سے شاندار 61 رن بنائے۔ پڈیکل کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم کے کپتان رجت پٹیدار زیادہ دیر تک کریز پر نہیں ٹک پائے اور 12 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ مین آف دی میچ وراٹ کوہلی 7 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 54 گیندوں میں 73 رنوں کی شاندار اننگ کھیلتے ہوئے آر سی بی کو جیت سے ہمکنار کیا۔ پنجاب کی جانب سے ارشدیپ سنگھ، ہرپریت برار اور یجویندر چہل کو ایک-ایک وکٹ ملا۔


Share: