ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / آئی پی ایل 2025 ایک ہفتے کے لیے ملتوی، 12 میچز باقی

آئی پی ایل 2025 ایک ہفتے کے لیے ملتوی، 12 میچز باقی

Sat, 10 May 2025 18:52:12    S O News

ممبئی، 10/ مئی (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سرحدی کشیدگی کے پیش نظر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کو عارضی طور پر ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔

جمعرات کے روز دھرم شالہ میں پنجاب کنگز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان جاری میچ اچانک اس وقت منسوخ کر دیا گیا جب جموں و کشمیر اور پٹھان کوٹ کے علاقوں میں پاکستانی ڈرون حملوں اور فضائی سرگرمیوں کے باعث بلیک آؤٹ کی صورتحال پیدا ہوئی۔ فلڈ لائٹس میں خرابی اور سیکیورٹی خدشات کے سبب بی سی سی آئی نے میچ مکمل طور پر منسوخ کر دیا اور کھلاڑیوں، آفیشلز اور براڈکاسٹنگ عملے کو فوری طور پر بحفاظت نکالنے کے لیے ایک خصوصی ٹرین کا انتظام کیا گیا۔

جمعہ کی سہ پہر جاری کردہ بیان میں بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت ساکیا نے تصدیق کی کہ آئی پی ایل 2025 کو فی الفور ایک ہفتے کے لیے ملتوی کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے سینئر حکام اور آئی پی ایل گورننگ کونسل نے تمام اہم اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ اجلاس میں چیئرمین ارون دھومل بھی شریک تھے۔

ساکیا کے مطابق، موجودہ حالات کا جامع جائزہ لینے کے بعد ٹورنامنٹ کے نئے شیڈول اور مقامات کا اعلان متعلقہ حکام اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ اس دوران، لکھنؤ میں رائل چیلنجرز بنگلور اور لکھنؤ سپر جائنٹس کے درمیان طے شدہ میچ بھی منسوخ کر دیا گیا، اور اسٹیڈیم کے تمام دروازے بند کر کے ٹکٹوں کی رقم واپس کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اب تک آئی پی ایل 2025 کے 58 میچز مکمل ہو چکے ہیں، جن میں دھرم شالہ کا منسوخ شدہ میچ بھی شامل ہے، جبکہ گروپ مرحلے کے 12 میچز باقی ہیں۔ فائنل میچ 25 مئی کو کولکتہ میں ہونا تھا، تاہم نئی تاریخوں کا اعلان حالات معمول پر آنے کے بعد کیا جائے گا۔


Share: