چنئی، 29/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)آئی پی ایل 2025 میں آج رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کی توقع تھی، لیکن بنگلورو نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 50 رنز سے یکطرفہ جیت حاصل کی۔ یہ فتح بنگلورو کے لیے نہایت اہم رہی، کیونکہ یہ نہ صرف آئی پی ایل کے جاری سیزن میں ان کی مسلسل دوسری کامیابی ہے، بلکہ 17 سال بعد چیپاک اسٹیڈیم میں چنئی کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دینے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ اس سے قبل بنگلورو نے 2008 میں چنئی کو اس کے میدان میں ہرایا تھا، اور اب ایک طویل انتظار کے بعد وہ یہ کارنامہ دوہرانے میں کامیاب ہوا ہے۔
چیپاک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں آج ٹاس جیت کر جب چنئی کے کپتان ریتوراج گائیکواڈ نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، تو ایسا لگا کہ آدھی جیت تو انھیں تبھی مل گئی۔ لیکن جس انداز میں بنگلورو کے سلامی بلے باز فل سالٹ (16 گیندوں پر 32 رن) نے پہلے اور دوسرے اوور میں ہی طوفانی بلے بازی کر ٹیم کو تیز شروعات دلائی، اس نے چنئی کو پریشانی میں ڈال دیا۔ کوہلی بڑے شاٹ کھیلنے میں ناکام نظر آ رہے تھے، لیکن آر سی بی کے دیگر بلے بازوں نے تیزی سے رن بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دیودت پڈیکل (14 گیندوں پر 27 رن) نے بھی چھوٹی لیکن تیز اننگ کھیلی۔
سالٹ اور پڈیکل کے آؤٹ ہونے کے بعد جب بنگلورو کے کپتان رجت پاٹیدار میدان میں اترے، تو انھوں نے بھی تیزی سے رن بنائے۔ وہ خوش قسمت بھی رہے کیونکہ ٹیم کا اسکور جب 17 سے 20 رن کے درمیان تھا تو ان کے 3 کیچ چھوڑے گئے۔ اس کا خمیازہ چنئی کو بھگتنا پڑا، کیونکہ پاتیدار نے محض 32 گیندوں پر 51 رن بنا ڈالے۔ آخر میں جتیش شرما نے 6 گیندوں میں 12 رن اور ٹم ڈیوڈ نے 8 گیندوں میں 22 رن بنا کر ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف بڑھا دیا۔ چنئی کی طرف سے گیندبازوں میں محمد نور کی تعریف کرنی ہوگی، کیونکہ انھوں نے 4 اوورس میں 36 رن دے کر 3 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ متھیش پتھیرانا نے بھی 4 اوورس میں 36 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔
چنئی کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو ایک بار پھر وکٹ جلدی جلدی گرتے چلے گئے۔ لگاتار دوسرے میچ میں سلامی بلے باز راہل ترپاٹھی شارٹ گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کپتان ریتوراج گائیکواڈ تو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کو جوش ہیزل ووڈ نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ جلد ہی دیپک ہڈا بھونیشور کمار کے شکار ہو گئے۔ اس طرح پاور پلے میں چنئی نے 3 وکٹ کے نقصان پر محض 30 رن بنائے۔ ٹیم یہیں سے بیک فٹ پر چلی گئی۔
اس مضبوط حالت میں بھی بنگلورو کے گیندبازوں نے ذرا بھی نرمی نہیں دکھائی۔ پہلے لیام لیونگسٹن نے سیم کرن کو پویلین لوٹایا، پھر 13ویں اوور میں آئے یش دیال نے 5 گیندوں کے اندر رچن رویندر اور شیوم دوبے کو بولڈ کر چنئی کی کمر توڑ دی۔ چنئی کے شیدائی امید کر رہے تھے کہ 6 وکٹ گرنے کے بعد ایم ایس دھونی میدان میں اتریں گے اور جیت دلائیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ روی چندرن اشون میدان میں آئے، لیکن یہ داؤ بھی کام نہیں آیا۔ 99 رن تک ٹیم کے 7 وکٹ گر گئے۔ آخر میں جڈیجہ اور دھونی نے کچھ بڑے شاٹ لگا کر ناظرین کا دل ضرور بہلایا، لیکن یہ محض شکست کے فاصلے کو کم کرنے والا ثابت ہوا۔ 20 اوورس میں چنئی 8 وکٹ کے نقصان پر 146 رن ہی بنا سکی، اور 50 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔