بنگلورو، 23/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) آئی پی ایل 2025 کا زبردست آغاز ہوا، جہاں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اور رائل چیلنجرس بنگلورو (آر سی بی) کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ کولکاتا کے ہوم گراؤنڈ پر، شاہ رخ خان کی موجودگی میں کھیلے گئے اس میچ میں اگرچہ کے کے آر کو 7 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن کپتان اجنکیا رہانے اور سنیل نارائن کی شاندار کارکردگی نے مقامی شائقین کو محظوظ کر دیا۔ دھواں دھار بلے بازی اور شاندار بولنگ کے امتزاج نے شائقین کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا، جس سے افتتاحی میچ ایک یادگار مقابلہ ثابت ہوا۔
آج کے میچ میں آر سی بی کے کپتان رجت پاٹیدار نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کولکاتا کو پہلا جھٹکا کوئنٹن ڈیکاک کی شکل میں پہلے ہی اوور میں لگ گیا تھا، لیکن اس کے بعد کپان اجنکیا رہانے اور سنیل نارائن نے کچھ گیندوں کو دیکھ کر کھیلا، پھر ایسی طوفانی بلے بازی شروع کی کہ 10 اوورس میں ہی 100 رنوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ شروعاتی 3 اوورس میں محض 9 رن بنے تھے، لیکن اگلے 7 اوورس میں ان دونوں کھلاڑیوں نے مل کر 98 رن جوڑ دیے۔ سنیل نرائن دسویں اوور کی آخری گیند پر جب آؤٹ ہوئے تو وہ 26 گیندوں پر 44 رن بنا چکے تھے۔ پھر جلد ہی کپتان رہانے بھی 31 گیندوں پر 56 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کولکاتا کی اننگ لڑکھڑا گئی اور 200 رنوں سے آگے بڑھنے کی امید بھی ٹوٹ گئی۔
کولکاتا نے 10 اوورس میں جہاں 2 وکٹ کے نقصان پر 107 رن بنائے تھے، وہ اگلے 10 اوورس میں محض 67 رن بنائے۔ انکرش رگھوونشی (30 رن) اور رنکو سنگھ (12 رن) کے علاوہ دوسرا کوئی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 20 اوورس میں ٹیم 174 رن ہی بنا سکی۔ بنگلورو کی جانب سے اسپن گیندباز کرونال پانڈیا نے 4 اوورس میں 29 رن دے کر سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں (اجنکیا رہانے، ونکٹیش ایئر، رنکو سنگھ) کو آؤٹ کیا، اور اس بہترین کارکردگی کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ سے نوازا گیا۔ جوش ہیزل ووڈ کو 2 اور یش دیال، راسخ سلام و سویاش شرما کو 1-1 وکٹ ملے۔
بنگلورو کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو پہلی ہی گیند سے رنوں کی آمد شروع ہو گئی۔ فل سالٹ نے طوفانی انداز اختیار کرتے ہوئے ٹیم کو تیز طرار شروعادت دی، اور اس میں وراٹ کوہلی نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ سالٹ 31 گیندوں پر 56 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کوہلی 36 گیندوں پر 59 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیودت پڈیکل (10 رن) کچھ خاص نہیں کر سکے، لیکن کپتان رجت پاٹیدار نے محض 16 گیندوں پر طوفانی انداز میں 34 رن بنا کر میچ کو کولکاتا سے پوری طرح چھین لیا۔ باقی کا بچا ہوا کام لیام لیونگسٹن نے 5 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 15 رن بنا کر پورا کر دیا۔
کولکاتا کی گیندبازی پر نظر ڈالی جائے تو صرف سنیل نرائن ہی بہتر دکھائی دیے، باقی سبھی گیندبازوں نے خوب رن لٹائے۔ یہی وجہ ہے کہ 16.2 اوورس میں ہی بنگلورو نے محض 3 وکٹ کے نقصان پر ضروری ہدف حاصل کر لیا۔ سنیل نارائن نے 4 اوورس میں 27 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ 1-1 وکٹ ویبھو اروڑا اور ورون چکرورتی کو بھی ملے، لیکن ویبھو نے 3 اوورس میں 42 رن اور ورون نے 4 اوورس میں 43 رن خرچ کر دیے۔ سب سے مہنگے اسپنسر جانسن رہے، جنھوں نے 2.2 اوورس میں ہی 31 رن دے ڈالے۔ ہرشت رانا کی بھی خوب پٹائی ہوئی، انھوں نے 3 اوورس میں 32 رن دیے۔