ماسکو ، 7/ ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہندوستان سے روس میں ورک ویزا پر کام کر رہے انجنیئر چندن گپتا کی اہلیہ سنیہا گپتا نے یو پی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے مدد کی اپیل کی ہے۔ سنیہا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’فیس بک‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں انہوں نے روسی انتظامیہ پر کچھ سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ان کے مطابق پولیس نے بغیر کسی وجہ کے ان کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے اور انہیں روسی فوج میں بھیج دیا جائے گا۔
سنیہا اپنی ویڈیو میں کہہ رہی ہیں کہ ’’میرا نام سنیہا گپتا ہے۔ میں ماسکو میں رہتی ہوں۔ میرے شوہر چندن گپتا یوفلیکس کمپنی کی پولی فلمز کمپنی کے ذریعے ماسکو میں کام کر رہے ہیں۔ یہ کمپنی نوئیڈا کے سیکٹر 62 میں واقع ہے۔ ہم سب یہاں ہائی کوالیفائیڈ ویزا پر رہ رہے ہیں۔ میرے شوہر انجینئر ہیں اور کمپنی کے ذریعے یہاں آئے ہیں۔ ان کا پاسپورٹ نمبر وی781317 ہے اور ان کا تعلق کانپور، اتر پردیش سے ہے۔ میں وزیر اعلیٰ یوگی سے اپیل کرتی ہوں کہ یہاں پولیس انہیں پکڑ کر لے گئی ہے۔ رات تقریباً 12:30 بجے پولیس انہیں اپنے ساتھ لے گئی اور انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔‘‘
سنیہا اپنی ویڈیو میں آگے کہتی ہیں کہ ’’کل ماسکو ڈے تھا اور ان لوگوں نے انہیں پھنسا کر جیل میں ڈال دیا ہے، جہاں سے انہیں رہا نہیں کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ جی، مجھے یہاں کی زبان نہیں آتی اور میرے ساتھ میرا 10 سال کا بچہ ہے۔ ہم یہاں سے کیسے نکلیں؟ براہ کرم میرے شوہر کی مدد کیجیے اور انہیں رہا کرائیے، کیونکہ یہاں لوگوں کو زبردستی روسی فوج میں بھیجا جا رہا ہے۔ فوج میں لوگوں کی کمی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری آپ سب سے درخواست ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ میری ویڈیو وزیر اعلیٰ تک پہنچائیں، کیونکہ یہاں لوگوں کو اسی طرح پھنسا کر کہیں بھیج دیا جاتا ہے اور کچھ پتہ نہیں چلتا کہ انہیں کہاں بھیجا گیا ہے۔‘‘