ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / چیمپئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست، ہندوستان کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ

چیمپئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست، ہندوستان کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ

Mon, 03 Mar 2025 10:21:18    S O News
چیمپئنز ٹرافی: نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست،  ہندوستان  کا سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے مقابلہ

دبئی   ،3/  مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آخری گروپ میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے کر گروپ-اے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اس کامیابی میں مڈل آرڈر بلے باز شریئس آئیر کی شاندار نصف سنچری اور اسپنر ورون چکرورتی کی نپی تلی بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ 4 مارچ کو آسٹریلیا سے ہوگا۔

ٹاس ہارنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کی اور 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے۔ تاہم، ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ابتدائی پاور پلے میں ہی تین اہم وکٹیں گر گئیں۔ محض 2 رنز بنا کر نائب کپتان شبھمن گل میٹ ہنری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد کپتان روہت شرما بھی چھٹے اوور میں کائل جیمیسن کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ وہ 15 رنز ہی بنا سکے۔

تیسرا بڑا جھٹکا ہندوستان کو وراٹ کوہلی کے طور پر لگا، جو محض 11 رنز بنا کر میٹ ہنری کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ ان کا شاندار کیچ گلین فلپس نے ڈائیو لگاتے ہوئے لیا۔ ایک موقع پر ہندوستان کا اسکور 3 وکٹوں پر 34 رنز تھا لیکن اس کے بعد شریئس آئیر اور اکشر پٹیل نے اننگز کو سہارا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھے وکٹ کے لیے 98 رنز کی شراکت داری کی۔

شریئس آئیر نے 75 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 98 گیندوں پر 79 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اکشر پٹیل نے 61 گیندوں پر 42 رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔ جب اکشر پٹیل کو رچن رویندرا نے آؤٹ کیا، تب ہندوستان کا اسکور 128 رنز پر 4 وکٹ ہو چکا تھا۔

اس کے بعد کے ایل راہل اور شریئس آئیر نے 44 رنز کی شراکت قائم کی، مگر شریئس کی اننگز کا خاتمہ ولیم اورورکے نے کیا۔ پھر راہل (23) اور رویندر جڈیجا (16) بھی سیٹ ہونے کے بعد اپنے وکٹ گنوا بیٹھے۔

اختتامی اوورز میں ہاردک پانڈیا نے جارحانہ انداز اپنایا اور 4 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔ ہندوستان نے آخری اوور میں محمد شامی (5) کا بھی وکٹ کھو دیا اور اننگز 249 رنز پر ختم ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہنری سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مچل سینٹنر، کائل جیمیسن، ولیم اورورکے اور رچن رویندرا کو ایک، ایک وکٹ ملی۔

250 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا۔ چھٹے اوور میں ہی رچن رویندر (6) کو ہاردک پانڈیا نے اکشر پٹیل کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ اس کے بعد اوپنر ول ینگ (22) کو ورون چکرورتی نے بولڈ کر دیا، جس سے نیوزی لینڈ کا اسکور 2 وکٹوں پر 49 رنز ہو گیا۔

یہاں سے تجربہ کار بلے باز کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے 44 رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، مگر چائنامین اسپنر کلدیپ یادو نے مچل (27) کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد رویندر جڈیجہ نے ٹام لیتھم (14) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔

کین ولیمسن ایک اینڈ پر ڈٹے رہے اور 77 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی۔ تاہم، دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ گلین فلپس (10) اور مچل سینٹنر (9) بھی ورون چکرورتی کا شکار بن گئے۔ 200 کے قریب پہنچتے ہی کین ولیمسن (81) کو بھی چکرورتی نے بولڈ کر دیا، جس کے بعد نیوزی لینڈ کی امیدیں تقریباً ختم ہو گئیں۔

آخرکار، 45.3 اوورز میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 205 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور ہندوستان نے 44 رنز سے میچ جیت لیا۔ ہندوستان کی طرف سے ورون چکرورتی سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 42 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔

ہندوستانی ٹیم نے گروپ-اے میں ناقابل شکست رہتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ اب سیمی فائنل میں 4 مارچ کو دبئی میں اس کا سامنا آسٹریلیا سے ہوگا، جو گروپ-بی میں دوسرے نمبر پر رہی۔ چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو لاہور میں ہوگا، جہاں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ اگر ہندوستان اس میچ میں کامیاب ہوتا ہے تو وہ 9 مارچ کو فائنل میں پہنچ جائے گا۔


Share: