دبئی ، یکم اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ہندوستانی پائلٹ کیپٹن اسمیت مچھر کو فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 میں چاقو مارے جانے کے باوجود طیارے کو ہائی جیک کرنے کی مبینہ کوشش کو روکنے میں کامیاب رہا اور شدید زخمی ہونے کے باوجود، ۱۷۴؍ جانیں بچائیں۔ پائلٹ کیپٹن اسمیت مچھر کو وزیر اعظم نریندر مودی، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ’’سچا ہیرو‘‘ قرار دیا ۔ مچھر، جو دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 کو اڑا رہے تھے، بدھ کو پیش آنے والے واقعے کے دوران شدید زخمی ہو گئے۔ چاقو لگنے کے باوجود، انہوں نے مبینہ طور پر جوابی کارروائی کی اور کاک پٹ کا دروازہ کھول دیا، جس سے مسافروں اور عملے کے ارکان کو مبینہ حملہ آور پر قابو پانے میں مدد ملی، اس سے پہلے کہ بوئنگ۷۳۷؍ میکس ۸؍ تبوک، سعودی عرب میں بحفاظت لینڈ کر گیا۔
مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مچھر نے شدید زخمی ہونے اور سنگین خطرے میں ہونے کے باوجود دوسروں کی حفاظت کے لیے بے پناہ ہمت اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پائلٹ کی بہادری نے سیکڑوں جانیں بچانے اور ایک بڑے سانحے کو ٹالنے میں مدد کی۔ہندوستان کو اس پر فخر ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے مچھر کی جلد صحت یابی کی دعاکی۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی ہندوستانی پائلٹ کی تعریف کرتے ہوئے اسے ایکس پر ایک پوسٹ میں ’’سچا ہیرو‘‘ قرار دیا۔انہوں نے لکھا، ’’چاقو لگنے اور شدید زخمی ہونے کے باوجود، اس نے جوابی کارروائی کی، مزاحمت کی، کاک پٹ کا دروازہ کھولا، اور مسافروں اور عملے کو حملہ آور پر قابو پانے میں مدد دی ،جس سے ہوا میں ایک تباہ کن سانحہ ٹل گیا۔ اس نے اسرائیلی شہریوںسمیت ۱۷۴؍ لوگوں کی جانیں بچائیں۔ٹرمپ نے بھی رپورٹروں سے بات کرتے ہوئے پائلٹ کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے نیتن یاہو سے اس واقعے کے بارے میں بات کی ہے اور اس میں ملوث شریک پائلٹ کو ایک دہشت گرد اور پاگل قرار دیا۔مسافر کی کارروائی کو سراہتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ تقریباً بغیر پرواز کے تجربے والا ایک اسرائیلی پلمبر حرکت میں آگیا جب طیارہ اونچائی کھو رہا تھا۔
فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا سے پتہ چلا کہ طیارے نے پہلے اسکواک۷۷۰۰؍ منتقل کیا، جو عام ہنگامی صورتحال کا اشارہ دینے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ بعد میں یہ۷۵۰۰؍ میں بدل گیا، جو غیر قانونی مداخلت بشمول ممکنہ ہائی جیکنگ کی نشاندہی کرنے کے لیے استعمال ہونے والا کوڈ ہے۔بعد ازاں طیارہ تبوک، سعودی عرب میں بحفاظت لینڈ کر گیا۔ مچھر کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں اس کی سرجری ہوئی۔ بعد میں اس کی حالت مستحکم بتائی گئی۔
واضح رہے کہ کیپٹن مچھر ایک تجربہ کار کمرشل پائلٹ ہیں جو اس وقت متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن فلائی دبئی کے ساتھ ڈائریکٹ انٹری کیپٹن کے طور پر کام کررہے ہیں۔ اسے کمرشل ایوی ایشن میں ۱۳؍ سال سے زیادہ کا تجربہ ہے اور اس نے تقریباً۹۷۵۰؍ پرواز کے گھنٹے مکمل کیے ہیں۔