بھٹکل، 27 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل میں بدھ صبح سے شروع ہونے والی زبردست بارش رات آٹھ بجے رپورٹ لکھے جانے تک بھی جاری تھی، جبکہ جمعرات کو بھی بارش کا سلسلہ برقرار رہنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے پیش نظر ضلع اُترکنڑا کے تمام دس تعلقہ جات میں اسکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس دوران بھٹکل ماون کُوروے بندرسمندر میں ایک ماہی گیر بوٹ پرسے گر کر لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
اطلاع کے مطابق یہ حادثہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً 11:30 بجے پیش آیا جب ماہی گیر ساگر پرشین بوٹ پر سوار تھا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ بوٹ پر ماہی گیروں کے لئے باورچی کے طور پر کام کرتا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ منگل کی رات وہ کشتی میں آرام کرنے کے بعد اچانک لاپتہ ہوگیا۔اس کی شناخت کمٹہ کے رہائشی منجوناتھ گوڈا (51) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کے سبب غرقاب ماہی گیر کی تلاش کا کام متاثر رہا، اور شام تک اس کاکوئی سراغ نہیں مل سکا۔

شدید بارش کے باعث بھٹکل شہر کے کئی علاقے متاثر ہوئے ہیں۔ نیشنل ہائی وے کے رنگین کٹہ اور شمس الدین سرکل پر پھر ایک بار بھاری مقدار میں پانی جمع ہوگیاجس کی وجہ سے سواریوں کی رفتار سست ہوگئی، جبکہ اولڈ بس اسٹائنڈ، مین روڈ اور ماری کٹہ کی سڑکیں بھی کافی دیر تک تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں۔ البتہ بارش کی شدت کم ہوتے ہی پانی بھی آہستہ آہستہ سڑکوں سے اترنے لگا۔
واضح رہے کہ ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا کی جانب سے جن دس تعلقہ جات میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں بھٹکل کے ساتھ کاروار، انکولہ، کمٹہ، ہوناور، سرسی، سدّاپور، یلاپور، جوئیڈا اور ڈانڈیلی بھی شامل ہیں۔ اُدھر پڑوسی اضلاع اُڈپی اور دکشن کنڑا میں بھی تیز بارش ہونے کی اطلاعات ہیں۔
