ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / گجرات جائنٹس کی زبردست فتح، یوپی واریرز کو چھ وکٹوں سے شکست

گجرات جائنٹس کی زبردست فتح، یوپی واریرز کو چھ وکٹوں سے شکست

Mon, 17 Feb 2025 10:53:11    S O News

نئی دہلی  ، 17/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی )ایشلے گارڈنر (2 وکٹیں، 52 رنز) اور ڈینڈرا ڈوٹن (2 وکٹیں، 33 ناٹ آؤٹ) کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت گجرات جائنٹس نے اتوار کو ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کے تیسرے میچ میں یوپی واریرز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔

یوپی واریرز کے 143 رنز کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری گجرات جائنٹس کی شروعات خراب رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں صرف دو رنز پر دو وکٹ گنوا دیے۔ اس کے بعد کپتان ایشلے گارڈنر نے لورا وولفارٹ کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسرے وکٹ کے لیے 55 رنز جوڑے۔ نویں اوور میں سوفی ایکلسٹون نے لورا وولفارٹ (22) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد 12ویں اوور میں تالیا میک گرا نے ایشلے گارڈنر کو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ ایشلے گارڈنر نے 32 گیندوں میں پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ ڈینڈرا ڈوٹن 18 گیندوں میں (33) اور ہرلین دیول 30 گیندوں میں (34) رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ گجرات جائنٹس نے 18 اوورز میں 144 رنز بناکر مقابلہ چھ وکٹوں سے جیت لیا۔

یوپی واریئرز کی جانب سے سوفی ایکلسٹون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ گریس ہیرس اور تالیا میک گرا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

اس سے پہلے گجرات جائنٹس کی کپتان ایشلے گارڈنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری یوپی واریئرز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے دوسرے ہی اوور میں اوپنر کرن نوگیرے (15) کا وکٹ گنوادیا۔ اگلے ہی اوور میں ایشلے گارڈنر نے دنیش ورندا (چھ) کو بولڈ کرکے یوپی کو دوسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد اوما چھتری اور کپتان دیپتی شرما نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی۔ 10ویں اوور میں اوما چھتری، ڈینڈرا ڈوٹن کی گیند پر پریا مشرا کے ہاتھوں لپکی گئیں۔ اوما چھتری نے 27 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔ تالیا میک گرا (0)، گریس ہیرس (4)، شویتا سہراوت (16) اور سوفی ایکلسٹون (2) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ دیپتی شرما نے 27 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔ انہیں 16ویں اوور میں پریا مشرا نے آؤٹ کیا۔ صائمہ ٹھاکور (15) رن آؤٹ ہوئیں۔ الانا کنگ 14 گیندوں میں (19) پر ناٹ آؤٹ رہیں۔ یوپی واریئرز نے مقررہ 20 اوور میں نو وکٹ پر 143 رنز بنائے۔ گجرات جائنٹس کی جانب سے پریا مشرا نے تین، ڈینڈرا ڈوٹن اور ایشلے گارڈنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ کاشوی گوتم نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔


Share: