ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بہیال، گجرات: گربا تقریب میں پتھراؤ کے بعد اقلیتوں کی جائیدادیں بلڈوزر سے مسمار

بہیال، گجرات: گربا تقریب میں پتھراؤ کے بعد اقلیتوں کی جائیدادیں بلڈوزر سے مسمار

Thu, 09 Oct 2025 19:07:25    S O News

گاندھی نگر ، 9/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی)گاندھی نگر کے بہیال گاؤں میں گربا تقریب کے دوران پیش آنے والے پرتشدد واقعات کے بعد انتظامیہ نے جمعرات کی صبح سپریم کورٹ کے حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کارروائی کی اور غیر قانونی تعمیرات کے نام پر اقلیتوں کی املاک پر بلڈوزر چلا دیا۔ پولیس کی بھاری سیکوریٹی کے درمیان گاؤں جانے والی سڑک پر تجاوزات کو منہدم کیا گیا۔ انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ اس نے ۱۹۰؍ غیر قانونی تعمیرات کے مکینوں اور مالکان کو نوٹس جاری کرکے ۲؍ دن کی مہلت دی تھی کہ وہ اپنی تعمیرات کے قانونی ہونے کے ثبوت پیش کریں۔ انتظامیہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بدھ کی شام تک کسی نے ثبوت پیش نہیں کیا اس لئے جمعرات کی صبح انہدامی کارروائی کی گئی۔

اس ضمن میں گاندھی نگر کے ایس پی روی تیجا وسام شیٹی کے مطابق ’’مجموعی طور پر ۱۸۶؍ تجارتی اسٹرکچر کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ مسماری کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ایس ڈی ایم، پنچایت عہدیدار، اور ۳۰۰؍ سے زائد پولیس اہلکار موجود ہیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پتھراؤ میں ملوث افراد کی جائیدادوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے، اور انہی کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ ۱۹۰؍ تجاوزات میں سے ۱۳۵؍ رائے پور گھمیج کروالی روڈ پر جبکہ ۵۱؍ بہیال روڈ ہتھی جن پر واقع تھیں۔ تمام غیر قانونی ڈھانچوں کو بلڈوزر کے ذریعے ہٹایا جا رہا ہے۔‘‘

یاد رہے کہ پرتشدد واقعات کی شروعات اس وقت ہوئی جب بہیال گاؤں کے ایک ہندو نوجوان نے سوشل میڈیا پر ’’آئی لو محمدؐ‘‘ کے نعرے والے بینر پر تبصرہ کیا، جو کانپور (اتر پردیش) میں لگایا گیا تھا۔ اس تبصرے کے بعد گاؤں کے کچھ مسلم نوجوان مشتعل ہوگئے اور انہوں نے اس نوجوان کی دکان سمیت دیگر قریبی اسٹورز کو نقصان پہنچایا۔ خبروں کے مطابق مشتعل ہجوم نے گربا تقریب پر بھی پتھراؤ کیا۔ اس ضمن میں پولیس نے ۸۳؍ معلوم اور ۲۰۰؍ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ اب تک ۶۰؍ سے زائد گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ 


Share: