ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل تیگنگونڈی سمندر میں ماہی گیری کشتی اُلٹ گئی؛ چار ماہی گیر لاپتہ، دو کو زخمی حالت میں بچالیا گیا

بھٹکل تیگنگونڈی سمندر میں ماہی گیری کشتی اُلٹ گئی؛ چار ماہی گیر لاپتہ، دو کو زخمی حالت میں بچالیا گیا

Wed, 30 Jul 2025 19:20:57    S O News
بھٹکل تیگنگونڈی سمندر میں ماہی گیری کشتی اُلٹ گئی؛ چار ماہی گیر لاپتہ، دو کو زخمی حالت میں بچالیا گیا

بھٹکل، 30 جولائی (ایس او نیوز) – بھٹکل کے تینگونڈی سمندر میں ماہی گیری کشتی اُلٹنے سے چار ماہی گیر لاپتہ ہوگئے، جبکہ دو ماہی گیروں کو زخمی حالت میں مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ واقعہ بدھ دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا۔

زخمی ماہی گیر منوہر موگیر، جو اس وقت بھٹکل سرکاری اسپتال میں داخل ہیں، نے بتایا کہ اُن کے بشمول کل چھ ماہی گیر بھٹکل تعلقہ کے شرالی الوے کوڑی بندرگاہ سے دوپہر تین بجے کے قریب ایک کشتی میں مچھلی کے شکار کے لیے بحر عرب میں روانہ ہوئے تھے۔ مگر روانگی کے تقریباً آدھے گھنٹے بعد ہی سمندر میں اچانک بلند لہریں اٹھنے لگیں، جس کے نتیجے میں کشتی اُلٹ گئی۔

injured-fishermen-1

حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل سکیورٹی پولیس کی پی ایس آئی وینا چتراپور اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے جالی کے رہائشی منوہر ایرّیا موگیر (31) اور بھٹکل بندر کے رہائشی راما ماستی کھاروی (43) کو ریسکیو کر کے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا۔

لاپتہ ماہی گیروں کی شناخت جالی کوڑی کے راما کرشنا موگیر (40)، الوے کوڑی کے ستیش تمپّا موگیر (26)، گنیش منجوناتھ موگیر (27) اور مرڈیشور کے نشچت موگیر (30) کے طور پر کی گئی ہے۔

کشتی جو اُلٹ گئی تھی، وہ بعد میں سمندر کی تیز موجوں کے سبب تینگونڈی کے ساحل پر آکر لگ گئی ہے، البتہ لاپتہ ماہی گیروں کا کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھٹکل مضافاتی پولیس تھانے کے اہلکار بھی جائے واردات پر پہنچ گئے۔ لاپتہ ماہی گیروں کی تلاش کے لیے ریسکیو کارروائیاں شام دیر تک جاری رہیں۔


Share: