ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / ویبھو سوریہ ونشی کا آئی پی ایل میں تاریخ ساز کارنامہ؛ 14 سال کی عمر میں تیز ترین سنچری

ویبھو سوریہ ونشی کا آئی پی ایل میں تاریخ ساز کارنامہ؛ 14 سال کی عمر میں تیز ترین سنچری

Wed, 30 Apr 2025 20:01:28    S O News
Suryavanshi

جے پور، 30 اپریل (ایس او نیوز)  بہار کے ضلع سمستی پور سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) 2025 میں اپنی جارحانہ بلے بازی سے سب کو حیران کر دیا۔ راجستھان رائلز کی نمائندگی کرتے ہوئے ویبھو نے پیر کی شب گجرات ٹائٹنس کے خلاف صرف 35 گیندوں میں 101 رن کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ یہ ان کا صرف تیسرا آئی پی ایل میچ تھا اور انہوں نے اپنی اننگز کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر سب کی توجہ حاصل کی۔

ویبھو کا کہنا ہے کہ وہ پہلے بھی انڈر 19 اور ڈومیسٹک سطح پر ایسی شروعات کر چکے ہیں، اس لیے ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر گیند ان کی رینج میں ہو تو وہ اسے باؤنڈری سے باہر بھیجنے میں ہچکچاتے نہیں۔ ویبھو نے بتایا کہ وہ صرف اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کرتے ہیں اور بڑے اسٹیج یا انٹرنیشنل بولرز کا دباؤ محسوس نہیں کرتے۔

ویبھو نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے اپنے والدین کی قربانیوں کو سراہا۔ ان کے مطابق ان کی والدہ صرف تین گھنٹے سوتی ہیں تاکہ ان کے پریکٹس شیڈول کا خیال رکھ سکیں، جبکہ ان کے والد نے اپنی نوکری چھوڑ دی تاکہ وہ ویبھو کی مکمل سپورٹ کر سکیں۔ ان کا بڑا بھائی گھر کے اخراجات سنبھال رہا ہے۔ ویبھو کا کہنا ہے کہ ان کی کامیابی کے پیچھے ان کے والدین کی قربانی ہے اور خدا محنت کرنے والوں کو کبھی مایوس نہیں کرتا۔

ویبھو کی اس کارکردگی پر کرکٹ کی دنیا کے کئی لیجنڈ کھلاڑیوں نے ان کی تعریف کی۔ سچن ٹنڈولکر نے ان کے بے خوف انداز اور بلے بازی کی مہارت کو سراہا۔ یوسف پٹھان، جن کا تیز ترین سنچری کا ریکارڈ ویبھو نے توڑا، نے انہیں مبارکباد دی۔ یوراج سنگھ نے ان کی عمر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لڑکا بغیر جھجک دنیا کے بہترین گیند بازوں کا سامنا کر رہا ہے۔  سری کانت نے ویبھو کو  ہندوستانی  کرکٹ کا اگلا سپر اسٹار قرار دیا، جبکہ ایان بشپ نے ان کی اننگز کو ’ہوش اڑا دینے والی‘ قرار دیا۔

ویبھو کے آبائی ضلع سمستی پور میں بھی ان کی سنچری پر جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ جیسے ہی ان کی سنچری کی خبر پھیلی، لوگوں نے پٹاخے پھوڑے اور خوشیاں منائیں۔ مقامی کرکٹ کھلاڑیوں اور ان کے بچپن کے کوچ برجیش جھا نے خوشی کا اظہار کیا اور ان کی مزید کامیابی کے لیے دعا کی۔ ویبھو نے کہا کہ وہ ہندوستان کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں اور اس خواب کی تعبیر کے لیے مسلسل محنت کرتے رہیں گے۔


Share: