نئی دہلی ،23 / اکتوبر (ایس او نیوز) دیپاولی میں پٹاخہ بازی کی کثرت کی وجہ سے نئی دہلی اور کولکاتہ جیسے شہروں کی فضائی آلودگی میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ، جس سے عوام کی صحت اور طبی نقطہ نگاہ سے تشویش بڑھ گئی ہے ۔
سپریم کورٹ کی طرف سے کئی قسم کی پابندیاں لگانے کے باوجود بھی جس مقدار میں پٹاخہ پھوڑے گئے ہیں اس سے راجدھانی دہلی کی فضائی آلودگی اپنی انتہا کو پہنچ گئی ہے ۔ اس سے دہلی اور مضافات میں بسنے والے عوام بالخصوص بچوں اور معمر افراد کے لئے صحت سے متعلقہ مسائل کا سامنا ہے ۔
اسی طرح دیوالی تہوار منانے کے دوران نئی دہلی میں رات کے وقت آگ لگنے کے 269 واقعات پیش آئے جہاں آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا تھا ۔ لیکن کسی بھی جگہ بڑے پیمانے پر آگ لگنے یا جانی نقصان ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے ۔