ممبئی 9/جون (ایس او نیوز) اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کی جانب سے مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں اور انتخابی عمل پر سوالات اٹھانے کے دو دن بعد، مہاراشٹرا کے چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر نے پیر کو ایک سرکاری بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ انتخابی فہرستیں تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں، بشمول کانگریس، کو دو مرتبہ فراہم کی جاتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا: "انتخابی فہرستوں کی سالانہ نظرثانی ایک شراکتی عمل کے تحت کی جاتی ہے۔ اس عمل کے دوران انتخابی فہرستیں، بغیر کسی قیمت کے، تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو فراہم کی جاتی ہیں، بشمول انڈین نیشنل کانگریس (INC)، پہلے ڈرافٹ مرحلے پر اور دوسری مرتبہ حتمی شکل دیے جانے کے بعد۔ اسی طرح کا عمل 2009، 2014، 2019، اور 2024 میں بھی اپنایا گیا اور ان انتخابی فہرستوں کی کاپیاں کانگریس سمیت دیگر جماعتوں کو بھی فراہم کی گئیں۔"
راہول گاندھی نے معروف انگریزی روزنامہ دی انڈین ایکسپریس میں مضمون لکھنے کے بعد یہ مطالبہ کیا تھا کہ حالیہ لوک سبھا اور تمام ریاستی اسمبلی انتخابات، بشمول مہاراشٹرا، کے لیے ایک جامع، ڈیجیٹل اور مشین پڑھنے کے قابل ووٹر لسٹ شائع کی جائے۔ انہوں نے مہاراشٹرا کے تمام پولنگ بوتھس کی شام 5 بجے کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
جس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ “مہاراشٹرا 2024 کے اسمبلی انتخابات میں استعمال ہونے والی مکمل انتخابی فہرست ویب سائٹ پر مفت ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے۔ پچھلی انتخابی فہرستوں کی بات کی جائے تو ان کی حتمی کاپیاں بھی متعلقہ ضلع الیکشن آفیسر کے پاس محفوظ ہوتی ہیں۔ رجسٹریشن آف الیکٹرز رولز 1960 کے قاعدہ 33 کے تحت، کوئی بھی شخص، بشمول کانگریس، متعلقہ ضلع الیکشن آفیسر سے درخواست دے کر مقررہ فیس ادا کرکے ان محفوظ شدہ انتخابی فہرستوں کی کاپی حاصل کر سکتا ہے۔”