ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گوا: ای ڈی نے ’بگ ڈیڈی کسینو‘ اور ’گولڈن گلوب ہوٹلس‘ پر چھاپہ مارا

گوا: ای ڈی نے ’بگ ڈیڈی کسینو‘ اور ’گولڈن گلوب ہوٹلس‘ پر چھاپہ مارا

Tue, 30 Sep 2025 19:02:35    S O News

پنجی ، 30/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی  )بگ ڈیڈی کسینو اور میسرس گولڈن گلوب ہوٹلس پرائیوٹ لمیٹیڈ سے متعلق منی لانڈرنگ کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے پنجی زونل آفس نے گوا، دہلی-این سی آر، ممبئی اور راجکوٹ سمیت 15 مقامات پر تلاشی لی ہے۔ ای ڈی نے یہ کارروائی فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) 1999 کی دفعات کے تحت کی ہے۔

ای ڈی کی کارروائی کے دوران کرپٹو کرنسی کا استعمال کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کا پردہ فاش ہوا۔ ای ڈی کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کیسینو غیر ملکی کرنسی کے بدلے صارفین کو پوکر چپس دے رہا تھا اور جیتنے والے کو اس کی درخواست پر غیر ملکی کرنسی میں ہی ادائیگی کی جا رہی تھی۔ میسرس گولڈن گلوب ہوٹلس پرائیوٹ لمیٹیڈ کے تحت کیسینو کے ملازمین کئی آن لائن کیسینو پلیٹ فارموں کو فعال طورسے فروغ دے رہے تھے۔

تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ فائنانشیل لین دین کے لئے پوکر کھلاڑیوں سے تعلق رکھنے والے کریپٹو کرنسی والیٹ کا استعمال کیا جا رہا تھا۔ دبئی اور دنیا بھر کے مختلف مقامات پر یو ایس ڈی ٹی ٹرانسفر کی سہولت کے لئے کرپٹو والیٹ کے ذریعے انگڑیا خدمات کا استعمال کیا گیا۔ جوئے کی جیت کے بعد رقم جمع کرنے اور نکالنے کے لیے کئی میول اکاؤنٹ (غیر قانونی رقم کو قانونی بنانے والے کھاتے) کی شناخت کی گئی جنہیں بعد میں بیرون ملک منتقل کیا جاتا تھا۔

ای ڈی کی تلاشی مہم کے دوران، تقریباً 2.25 کروڑ روپے نقد، 14 ہزار امریکی ڈالر اور تقریباً 8.50 لاکھ روپے کی دیگر غیر ملکی کرنسی ضبط کی گئی۔ آپریشن کے دوران 90 لاکھ روپئے سے زیادہ مالیت کی یو ایس ڈی ٹی سمیت کئی کرپٹو کرنسیوں کو منجمد کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل شواہد اور مجرمانہ دستاویزات ضبط کر لئے گئے جو فیما کی خلاف ورزی اور سرحد پار حوالہ/ کرپٹو لین دین کے لنک قائم کرتے ہیں۔


Share: