بھٹکل 14/اگست (ایس او نیوز) : بھٹکل تعلقہ سرکاری اسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ارون کمار کے خلاف واٹس ایپ کے ذریعے ریاستی اور ضلعی محکمۂ صحت کو بھیجی گئی ایک گمنام شکایت کے بعد ضلعی میڈیکل افسر (ڈی ایم او) ڈاکٹر رمیش راؤ نے اسپتال پہنچ کر معائنہ کیا۔
انہوں نے الزامات کے سلسلے میں اسپتال کے افسران اور عملے سے معلومات حاصل کیں اور متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ حکام کے مطابق شکایت میں کیے گئے دعووں کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ڈی ایم او کی آمد پر اسپتال میں مقامی شہری اور مریضوں کے اہل خانہ جمع ہوگئے، جہاں متعدد افراد نے ڈاکٹر ارون کمار کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مریضوں کی خدمت میں ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اسپتال کی سرکاری طبی خدمات سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔
مقامی شہریوں نے محکمۂ صحت سے مطالبہ کیا کہ شکایت کی حقائق اور ریکارڈ کی بنیاد پر شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس عمل کے دوران اسپتال کی طبی خدمات متاثر نہ ہونے دی جائیں۔ اس موقع پر آٹو ڈرائیورس اسوسی ایشن کے صدر وینکٹیش نائک، نارائن کھاروی، پرمیشور نایک، بابو نائک، شنکر نائک، شری دھر نایک، اپّو نائک و غیرہ موجود تھے۔