ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے اتر کنڑ اکے سیاحتی شعبے کو نئی جہت دینے پر زور

اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے اتر کنڑ اکے سیاحتی شعبے کو نئی جہت دینے پر زور

Mon, 28 Sep 2026 11:29:58    S O News
اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے اتر کنڑ اکے سیاحتی شعبے کو نئی جہت دینے پر زور

بھٹکل، 27 ستمبر (ایس او نیوز): اتر کنڑا ضلع کے سیاحتی شعبے کو مزید پائیدار، سیاح دوست اور پرکشش بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا جانا چاہیے۔ یہ بات محکمۂ سیاحت کی ڈپٹی ڈائریکٹر منگلا گوری وی۔ بھٹ نے اتوار کو عالمی یومِ سیاحت 2026 کے موقع پر ہوناور تعلقہ کے کاسرگوڈو ایکو بیچ میں منعقدہ بیداری پروگرام اور صفائی مہم سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اتر کنڑا ضلع قدرتی حسن، ثقافت اور ایڈونچر ٹورزم کے اعتبار سے بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ ضلع کے ساحلوں، آبشاروں، جنگلاتی حیات کے مقامات، تاریخی قلعوں، مقامی کھانوں اور دستکاری کی مصنوعات کو ملک اور بیرون ملک کے سیاحوں تک پہنچانے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کیا جائے گا۔

محکمۂ کمرشل ٹیکس کے اسسٹنٹ کمشنر گنیش نائک نے ’ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور اے آئی کا مثبت استعمال اور پائیدار سیاحت‘ کے موضوع پر خصوصی خطاب کیا۔ پروگرام میں ’ڈیجیٹل ایجنڈا اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے سیاحت کی نئی تشکیل‘ کے تحت سیاحتی شعبے میں ڈیجیٹل معلوماتی نظام، اسمارٹ سروسز اور اے آئی ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں بیداری پیدا کی گئی۔ سیاحوں کے لیے مختلف تفریحی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

’صاف سیاحتی مقام، پائیدار سیاحت‘ کے تصور کے تحت کاروار کے رویندرا ناتھ ٹیگور بیچ، گوکرن مین بیچ، مرڈیشور بیچ، سہسرلنگ اور بنواسی کے شری مدھو کیشور مندر کے احاطے میں صفائی مہم چلائی گئی۔ اس دوران پلاسٹک سمیت مختلف اقسام کے کچرے کو صاف کیا گیا اور سیاحوں و عوام میں کچرے کی علیحدگی اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے بیداری پیدا کی گئی۔

پروگرام میں ہونّاور تعلقہ پنچایت کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کرن کمار ایم۔ جے، ایس ڈی ایم کالج کے لیکچرر رمیش میستا، محکمۂ سیاحت کے اہلکار، مقامی افراد اور سیاحتی صنعت سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر بھی صفائی مہم: علاوہ ازیں عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر بھی اتوار کو خصوصی بیداری اور صفائی پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام گوا کے سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر دلیپ ڈی۔ بھٹ کی قیادت میں منعقد ہوا۔

ریلوے اسٹیشن کے عملے نے پروگرام میں سرگرمی سے حصہ لیتے ہوئے مسافروں اور عوام میں صفائی کے حوالے سے بیداری پیدا کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ریلوے اسٹیشن اور اس کے اطراف کے ماحول کو صاف رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور عوامی صحت کے نقطۂ نظر سے بھی صفائی انتہائی ضروری ہے۔

murdeshwar-railway-station-cleaning-drive


Share: