ڈانڈیلی، 21 اگست (ایس او نیوز): موسلادھار بارش کے نتیجے میں انموڈ روڈ پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑجانے سے یہ راستہ حادثات کا گڑھ بنتا جارہا ہے۔ آئے دن پیش آنے والے حادثات نے عوام میں سخت برہمی پیدا کردی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بارہا توجہ دلانے کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔
تازہ واقعہ میں دلاور نامی نوجوان اپنی اہلیہ کے ساتھ بائک پر گوا سے رام نگر کی طرف جارہا تھا کہ انموڈ روڈ پر ایک گہرے گڑھے میں بائک کا پہیہ پھنس گیا، جس کے نتیجے میں وہ سڑک پر گرپڑا۔ حادثے میں دلاور کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ اس کی اہلیہ کے چہرے پر زخم آئے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر رام نگر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

عوام اور ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ رام نگر-گوا روڈ کی حالت انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ روزانہ کئی چھوٹے بڑے حادثات پیش آتے ہیں، جن میں گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ ڈرائیور اور مسافر زخمی ہوکر اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ عوام کا الزام ہے کہ انتظامیہ کو بارہا شکایت کے باوجود ٹھیکیدار صرف اوپری سطح پر گڑھوں کو بھرنے کا کام کرتے ہیں، جو چند ہی دنوں میں دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتے ہیں۔
مقامی عوام نے شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گنیش چترتھی کا تہوار قریب ہے، جس کے دوران گوا اور مہاراشٹرا سے ہزاروں گاڑیاں انموڈ روڈ سے گزریں گی۔ ایسی صورت میں اگر سڑک کی مرمت نہ کی گئی تو مسافروں کو شدید مشکلات اور مزید حادثات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام فوری کارروائی کرتے ہوئے سڑک کی جامع مرمت کرائیں۔