ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں منعقدہ گیٹ ٹوگیدرپروگرام میں بھائی چارگی و امن و امان پر زور؛ ہندو مسلم لیڈران نے کی رابطہ کی خدمات کی ستائش

بھٹکل میں منعقدہ گیٹ ٹوگیدرپروگرام میں بھائی چارگی و امن و امان پر زور؛ ہندو مسلم لیڈران نے کی رابطہ کی خدمات کی ستائش

Wed, 20 Aug 2025 13:24:38    S O News
بھٹکل میں منعقدہ گیٹ ٹوگیدرپروگرام میں بھائی چارگی و امن و امان پر زور؛ ہندو مسلم لیڈران نے کی رابطہ کی خدمات کی ستائش

بھٹکل، 20 اگست (ایس او نیوز): بھٹکل مسلم خلیج کونسل المعروف رابطہ سوسائٹی کے جنرل سکریٹری عتیق الرحمن منیری نے کہا کہ خلیجی ممالک میں مقیم پانچ ہزار سے زائد بھٹکلی ہر سال ایک ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ریمیٹینس اپنے وطن بھیجتے ہیں، اور یہی سرمایہ بھٹکل کی خوشحالی اور ترقی کی بنیاد ہے۔ یہ بات انہوں نے رابطہ سوسائٹی کے زیراہتمام بھٹکل کے مشہور مولانا بنگلو میں منعقدہ دوستانہ گیٹ ٹوگیدر پروگرام میں کہی، جس میں تعلقہ و ضلعی انتظامیہ کے افسران، غیر مسلم قائدین اور میڈیا نمائندے شریک تھے۔

مُنیری نے وضاحت کی کہ نصف صدی قبل بھٹکل کے لوگ خلیج کا رخ کرنے لگے تھے اور وہاں پہنچ کر جماعتوں کے قیام کے ذریعے ایک دوسرے سے جُڑے۔ انہی جماعتوں کی بنیاد پر 1991 میں بھٹکل مسلم خلیج کونسل قائم کی گئی، جس کا تصور قائدِ قوم مرحوم ایس ایم سید خلیل الرحمن نے پیش کیا تھا۔ یہی کونسل بھٹکل میں رابطہ سوسائٹی کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ رابطہ سوسائٹی ابتدا ہی سے ہندو مسلم یکجہتی کو فروغ دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت ہر سال گیٹ ٹوگیدر پروگرام منعقد ہوتا رہا ہے، مگر کووڈ اور دیگر وجوہات کی بنا پر آٹھ برس کے وقفے کے بعد یہ پروگرام دوبارہ منعقد کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو بھی امن، بھائی چارگی اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

Click here for more photos

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآن مع کنڑا ترجمہ سے ہوا۔ مقامی صحافی اور جرنلسٹ اسوسی ایشن کے صدر ایم آر مانوی نے رابطہ سوسائٹی کی خدمات کا تعارف پیش کیا۔ قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر اور معروف این آر آئی بزنس مین یونس قاضیا، جو مولانا بنگلو کے مالک بھی ہیں، اور مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے عوامی مسائل ضلعی و تعلقہ افسران کے سامنے رکھے۔ اس موقع پر عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ بھٹکل کے مقامی صحافیوں کے برخلاف دیگر شہروں کے بعض صحافیوں نے بھٹکل کے مسلمانوں کی شبیہ کو بگاڑنے اور غلط تصویر پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، حالانکہ بھٹکل میں مسلمان اور غیر مسلم ہمیشہ سے محبت اور بھائی چارگی کے ساتھ رہتے آئے ہیں۔

مہمانِ خصوصی ضلع ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد مُلا نے کہا کہ نوائط کمیونٹی کے لوگ باصلاحیت ہیں اور ہر میدان میں نمایاں کارکردگی دکھا رہے ہیں، مگر سرکاری ملازمتوں میں ان کی نمائندگی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سرکاری محکموں میں بھی آگے آئیں اور قوم و سماج کی خدمت کریں۔ بھٹکل انچارج اسسٹنٹ کمشنر کاویا رانی، ڈسٹرکٹ فوریسٹ آفیسر یوگیش، بھٹکل مضافاتی پولیس انسپکٹر منجوناتھ لینگا ریڈی اور معروف سماجی کارکن راجیش نائیک سمیت دیگرذمہ داران نے بھی خطاب کیا اور رابطہ سوسائٹی کی خدمات اور بھٹکل کے عوام کی یکجہتی کو سراہا۔

بھٹکل سرکاری اسپتال کی انچارج ڈاکٹر سویتاکامتھ نے کہا کہ ہندو اور مسلم بچوں کے الگ الگ اسکول اور سوسائٹیز کی وجہ سے دونوں کمیونٹیز کے بچے ایک دوسرے کے قریب نہیں آ پاتے۔ انہوں نے بعض میڈیا چینلز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے منفی پروپیگنڈے نے بھٹکل کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے، جس سے سماجی ہم آہنگی متاثر ہو رہی ہے۔

بھٹکل ایجوکیشن ٹرسٹ کے چیئرمین ڈاکٹر سریش نائیک نے کہا کہ ان کے مسلمانوں کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور یہی روابط بھٹکل کی سماجی زندگی کی انفرادیت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوائط کمیونٹی کی لڑکیاں اعلیٰ تعلیم میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، مگر ان کی صلاحیتوں سے خاطر خواہ فائدہ نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے رابطہ سوسائٹی کو تجویز دی کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کے لیے خصوصی پروگرام ترتیب دیے جائیں تاکہ ان کی قابلیت سے سماج استفادہ کرسکے۔

ریاستی وزیر اور ڈسٹرکٹ انچارج منکال ویدیا کی صاحبزادی اور کانگریس رہنما بینا ویدیا نے کہا کہ بھٹکل کی سب سے بڑی خوبی اس کا بھائی چارہ ہے، مگر کچھ عناصر اس یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہی اتحاد ان کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد شب و روز بھٹکل اور ضلع کی ترقی کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور عوامی مسائل کا حل ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بینا ویدیا نے یقین دلایا کہ رابطہ پروگرام میں اٹھائے گئے مسائل وہ والد تک پہنچائیں گی۔

رابطہ سوسائٹی کے صدرعمرفاروق مصباح نے صدارت کی، جبکہ پروگرام کے کنوینر قمر سعدا نے کلماتِ تشکر پیش کیے۔ اس موقع پر خلیجی جماعتوں کے ذمہ داران، سماجی کارکنان، سرکاری افسران، پنچایت اراکین اور تعلیمی اداروں کے نمائندے بڑی تعداد میں موجود تھے اور سب نے رابطہ سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہا۔

Click here for report in English


Share: