باگلکوٹ ، 12 / جنوری (ایس او نیوز) سری رام سینا کی طرف سے اپنے کارکنان کو بندوق چلانے کی تربیت سے متعلق معاملہ سامنے آنے کے بعد قاضی بیلگی علاقے کے رہنے والے شیوپّا کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے سری رام سینا کے 20 سے زائد لیڈروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ جن لیڈروں کے خلاف معاملہ درج ہوا ہے ان میں بندوق چلانے کی تربیت کا کیمپ منعقد کرنے میں اہم کردار نبھانے والے پرکاش پوتار، مہیش برادر، یمنپّا کوری [ساکن ہیرور]، آنند جمبگی مٹھ [ساکن جمکھنڈی]، راجو کھانپّناور، گنگادھر کلکرنی، مہیش کوکڑے وغیرہ شامل ہیں ۔
شیوپّا ہوگار نے پولیس کے پاس درج شکایت میں کہا ہے کہ تودلباگی گرام کے سروے نمبر 17 کی زمین پر غیر قانونی طور داخل ہوتے ہوئے سری رام سینا کے کارکنان کے لئے شخصیت سازی کے نام پر بندوق چلانے کی تربیت کا اہمتام کیا ہے ۔ اس کی ویڈیو سوشیل میڈیا میں عام کرتے ہوئے عوام کے اندر دہشت پیدا کرنے کا کام کیا ہے ۔ جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے بی این ایس ایکٹ اور آرمس ایکٹ کی دفعات کے تحت کیس درج کیا ہے ۔