ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی کرناٹکا میں کشتی حادثات کا سلسلہ جاری؛ بھٹکل اور اُپندا کے بعد کاپو میں بھی کشتی الٹنے کا واقعہ، ساتوں ماہی گیر محفوظ

ساحلی کرناٹکا میں کشتی حادثات کا سلسلہ جاری؛ بھٹکل اور اُپندا کے بعد کاپو میں بھی کشتی الٹنے کا واقعہ، ساتوں ماہی گیر محفوظ

Mon, 04 Aug 2025 18:12:00    S O News
ساحلی کرناٹکا میں کشتی حادثات کا سلسلہ جاری؛ بھٹکل اور اُپندا کے بعد کاپو میں بھی کشتی الٹنے کا واقعہ، ساتوں ماہی گیر محفوظ

اُُڈپی، 4 اگست (ایس او نیوز) — ساحلی کرناٹکا میں کشتیوں کے الٹنے کے واقعات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ بھٹکل اور اُپندا کے بعد اب اُڈپی ضلع کے کاپو لائٹ ہاؤس کے قریب پیر کی صبح ایک اور ماہی گیری کشتی اُلٹنے کا واقعہ پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق، سمندر میں اٹھنے والی تیز لہروں کی زد میں آ کر کشتی الٹ گئی، تاہم خوش قسمتی سے اس میں سوار تمام سات ماہی گیروں کو بروقت بچا لیا گیا۔

حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرالر کشتی مچھلیوں کے شکار کے لیے ملپے بندرگاہ سے روانہ ہو کر بحر عرب میں داخل ہوئی تھی۔ کشتی کے الٹنے کے فوراً بعد قریبی کشتیوں پر موجود ماہی گیروں نے فوری ریسکیو کارروائی انجام دے کر ساتوں ماہی گیروں کو بحفاظت سمندر سے باہر نکال لیا۔

یاد رہے کہ اتوار کو بھی بیندور تعلقہ کے اُپندا علاقے میں ایک کشتی الٹ گئی تھی، مگر اس میں سوار تمام نو ماہی گیر لائف جیکٹ پہننے کی وجہ سے محفوظ رہے۔ اس کے برعکس، بدھ کے روز بھٹکل کے تنگنگونڈی بندرگاہ کے قریب پیش آئے حادثے میں چار ماہی گیر سمندر میں غرق ہوگئے تھے۔ ان میں سے دو کی نعشیں مل چکی ہیں، جب کہ باقی دو کی تلاش تاحال جاری ہے۔

رواں مانسون سیزن میں ساحلی کرناٹکا میں کشتی حادثات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر ماہی گیر طبقے میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ ماہرین اور ضلعی انتظامیہ مسلسل اپیل کر رہے ہیں کہ ماہی گیر بغیر لائف جیکٹ کے سمندر میں نہ اتریں۔ ادھر سوشل میڈیا پر بھی یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی، جیسے ریموٹ کنٹرول سے چلنے والے واٹر ریسکیو روبوٹس، کو ساحلی علاقوں میں تعینات کیا جائے تاکہ ہنگامی حالات میں فوری امداد ممکن ہو سکے۔


Share: