ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کی نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ نے پکڑی رفتار؛ تیسرے دن خریداروں کا ہجوم، پچاس سے زائد اسٹالس بُک

بھٹکل کی نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ نے پکڑی رفتار؛ تیسرے دن خریداروں کا ہجوم، پچاس سے زائد اسٹالس بُک

Wed, 03 Sep 2025 18:42:12    S O News
بھٹکل کی نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ نے پکڑی رفتار؛ تیسرے دن خریداروں کا ہجوم، پچاس سے زائد اسٹالس بُک

بھٹکل 3 ستمبر(ایس او نیوز): بھٹکل اسپتال روڈ پر قائم نو تعمیر شدہ ہائی ٹیک فِش مارکٹ نے افتتاح کے صرف تین دن کے اندر ہی اپنی رفتار پکڑ لی ہے۔ پہلے دن جہاں خریداروں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا تھا، وہیں تیسرے دن حالات یکسر بدل گئے اور ایک ہی دن میں پچاس سے زائد مچھلیوں کے اسٹالس بُک ہوگئے، جس سے مارکیٹ میں زبردست گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔

مارکٹ کا ٹھیکہ لینے والے عبدالقادر فیصل عرف شمّاس کوبٹے نے بتایا کہ افتتاحی دن صرف ایک اسٹال بُک ہوا تھا، مگر تیسرے دن چھوٹے مگرپروفیشنل مچھلی بیوپاریوں نے مل کر 50 سے زیادہ اسٹالس بُک کرالیے۔ انہوں نے بتایا کہ گراونڈ فلور پر 65 کاونٹرس ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اس مارکٹ کا افتتاح نومبر 2018 میں اُس وقت کے ڈسٹرکٹ انچارج وزیر آر وی دیش پانڈے نے کیا تھا، لیکن قریب سات سال بعد اسے یکم ستمبر 2025 کو عوام کے لئے باضابطہ کھولا گیا۔ افتتاحی دن دوپہر تک کوئی بھی بیوپاری نہیں آیا تھا، جس کی وجہ سے خریداروں کو سخت مایوسی ہوئی۔ البتہ ایک مچھلی فروش کے پہنچنے پر صرف ایک گھنٹے میں اس کا سارا مال فروخت ہوگیا۔ دوسرے دن کئی دیگر بیوپاری پہنچے، جبکہ تیسرے دن خریداروں کا ہجوم اُمڈ پڑا اور اسٹالس کی بکنگ میں تیزی آگئی۔

Click here for report in English 

اس موقع پرمیونسپالٹی کے انچارج صدر الطاف کھروری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے دن مچھلی فروشوں کے بائیکاٹ سے مایوسی ضرور ہوئی تھی، مگر آج عوام کے بھرپور تعاون سے تقریباً تمام اسٹالس بُک ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب اُمید ہے کہ لوگ جدید سہولیات سے لیس اس مارکٹ سے ہی مچھلیاں خریدیں گے اور اس کی مخالفت کرنے والوں کو جواب مل جائے گا۔

بدھ کو بھٹکل کے معروف این آر آئی جناب یونس قاضیا بھی مارکٹ پہنچے۔ مچھلیاں خریدنے کے بعد اپنے تاثرات میں انہوں نے کہا کہ یہ مارکٹ دبئی کی ہائی ٹیک فِش مارکٹس کی طرز پر بنی ہے، جہاں صفائی اور سہولتوں کا بہترین انتظام ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سرکار کی فراہم کردہ ان سہولیات سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے صاف ستھری مارکیٹ سے ہی مچھلیاں خریدیں۔

مارکٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے آج مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، بھٹکل بلاک کانگریس کے سابق صدر ایڈوکیٹ سنتوش نائک، تنظیم کے سابق صدر سید محی الدین برماور، سابق سکریٹری یحییٰ دامودی، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران اور کئی نوجوان بھی پہنچے۔ اس موقع پر یحییٰ دامودی نے کہا کہ بھٹکل کی بڑی آبادی اب اوپری علاقوں میں منتقل ہوچکی ہے، اور یہ مارکٹ بھی اسی علاقے میں قائم کی گئی ہے، ایسے میں یہاں صفائی اور سہولتوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے مچھلی بیوپاریوں کو مشورہ دیا کہ اگر وہ بہتر کاروبار چاہتے ہیں تو نئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ سے بھرپور استفادہ کریں۔


Share: