بھٹکل، 23 جولائی (ایس او نیوز): انتخابی فہرستوں کی اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) مہم کی آخری تاریخ قریب آنے کے پیش نظر مجلسِ اصلاح و تنظیم، بھٹکل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے زیر التوا اینومریشن فارم جلد از جلد پُر کرکے متعلقہ بوتھ لیول آفیسر (BLO) کے حوالے کریں۔تنظیم کے مطابق بھٹکل ٹاؤن، جو مسلم اکثریتی علاقہ ہے، میں اب بھی تقریباً 7 ہزار جبکہ پورے بھٹکل تعلقہ میں قریب 25 ہزار فارم جمع کرانا باقی ہیں۔
بھٹکل بندر روڈ پر قائم تنظیم ایس آئی آر ہیلپ لائن سینٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ جن افراد نے ابھی تک اپنے فارم پُر نہیں کیے یا جمع نہیں کرائے ہیں، وہ بلا تاخیر ہیلپ لائن سینٹر سے رجوع کریں، جہاں رضاکار فارم پُر کرنے، ضروری رہنمائی فراہم کرنے اور فارم جمع کرانے کے عمل میں ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں۔
تنظیم کی سرپرستی اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے تعاون سے قائم یہ ہیلپ لائن سینٹر گزشتہ ایک ماہ سے ووٹر ویریفکیشن کے عمل میں عوام کی مسلسل رہنمائی کر رہا ہے۔
ہیلپ لائن سینٹر کے کنوینر مبشر حسین ہلارے نے بتایا کہ اتوار، 26 جولائی سے سینٹر میں فارم نمبر 6 بھی قبول کیے جائیں گے، تاکہ نئے ووٹروں کا اندراج کیا جا سکے۔ یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے اہل نوجوان فارم نمبر 6 جمع کرا کے اپنا نام انتخابی فہرست میں شامل کروا سکتے ہیں اور نئے ووٹر آئی ڈی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سہولت سے بالخصوص خلیجی ممالک میں مقیم بھٹکل کے ہزاروں افراد کو فائدہ پہنچے گا۔ ان کے مطابق بعض بیرونِ ملک مقیم شہریوں کے پاس تمام ضروری شناختی دستاویزات موجود ہونے کے باوجود ممکن ہے کہ ان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل نہ ہو، یا انہیں SIR کا اینومریشن فارم موصول نہ ہوا ہو۔ ایسے افراد بھی ہیلپ لائن سینٹر پہنچ کر ضروری دستاویزات کے ساتھ فارم نمبر 6 بھر سکتے ہیں اور ووٹر لسٹ میں اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔
مبشر ہلارے نے مزید کہا کہ اگر کسی ووٹر کا نام انتخابی فہرست میں موجود ہو لیکن اس کے گھر تک ابھی تک اینومریشن فارم نہ پہنچا ہو تو وہ مزید انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر اپنے پولنگ بوتھ پر موجود BLO یا اپنے علاقے کے اسپورٹس سینٹر کے ذمہ داران سے رابطہ کرکے فارم حاصل کریں اور مقررہ مدت کے اندر اسے جمع کرائیں۔
تنظیم کے ذمہ داران نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر اینومریشن فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 8/ اگست تک بڑھا دیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ آخری وقت کا انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد فارم پُر کرکے اپنے متعلقہ BLO کے حوالے کریں اور ہیلپ لائن سینٹر میں فراہم کی جا رہی مفت سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ ان کا انتخابی ریکارڈ بروقت مکمل ہو سکے۔
پریس کانفرنس میں تنظیم کے نائب صدر قمر سعدا اور جنرل سیکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی بھی موجود تھے۔ انہوں نے بھی عوام سے SIR مہم میں بھرپور تعاون کرنے اور انتخابی فہرستوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔