بھٹکل، یکم ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل میونسپالٹی کی جانب سے اسپتال روڈ پر تعمیر کی گئی ہائی ٹیک فِش مارکٹ کا آج یکم ستمبر کو باضابطہ افتتاح ہوا، مگر پہلے ہی دن مچھلی خریداروں کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ صبح سات بجے سے دوپہر بارہ بجے تک مارکیٹ کھلنے کے باوجود کوئی بھی مچھلی فروش یہاں نظر نہیں آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، صبح سویرے بڑی تعداد میں لوگ اس امید کے ساتھ مارکیٹ پہنچے کہ وہ صاف ستھری اور جدید سہولتوں سے لیس اس مارکٹ میں مچھلیاں خرید سکیں گے، لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ مچھلی فروشوں نے اجتماعی طور پر بائیکاٹ کیا ہے تو وہ مایوس واپس لوٹ گئے۔
تاہم قریب دوپہر بارہ بجے ایک مقامی مچھلی فروش اچانک کنگ فش اور تازہ جھینگے لے کر مارکیٹ پہنچا تو موقع پر موجود دسوں خریداروں نے فوراً مچھلیاں خرید لیں۔ اس موقع پر لوگوں نے مچھلی فروش کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
مچھلی فروشوں کے عدم تعاون پر میونسپل انچارج صدر الطاف کھروری نے بتایا کہ کئی مچھلی فروشوں نے انہیں یقین دلایا تھا کہ وہ مارکیٹ میں آئیں گے، مگر بعد میں دیگر فروشوں نے انہیں یہاں جانے سے روک دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن اگرچہ صورتحال مایوس کن رہی، لیکن عوام کے تعاون سے آنے والے دنوں میں مچھلی فروشوں کی تعداد بڑھانا یقینی ہے۔ اس سلسلے میں میونسپالٹی بھی پوری کوشش کر رہی ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مایوس نہ ہوں اور نئی فش مارکٹ کا ساتھ دیں۔
