بھٹکل 11 نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے قدیم محلوں سے گزرنے والی سرابی ندی کی صفائی کا کام 17 نومبر سے شروع کیا جائے گا۔ کام کے آغاز سے قبل کاروار کے محکمہ آبپاشی کے اہلکاروں کے ساتھ کنٹریکٹر نے ڈونگر پلی اور ڈارنٹا علاقوں کا دورہ کرکے ندی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کنٹریکٹر سونیت ہیگڈے نے بتایا کہ ندی کو گہرا کرنے کے ساتھ اس میں جمع مٹی، کیچڑ اور کانٹے دار جھاڑیوں کو نکالنے کا کام 17 نومبر سے شروع ہوگا۔ بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال وئیدیا اور دیگر متعلقہ ذمہ داران کی موجودگی میں منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔
اس موقع پر کاروار سے تشریف فرما انجینئر رجنی تلیکر، مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ ندری، جنرل سکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، ایڈوکیٹ عمران لنکا، اقبال سہیل، بلال قمری، ادم، شمعون، مولوی انجم گنگاولی ندوی، مولوی فیضان ندوی، اقبال، غزالی ودیگر علاقہ کے ذمہ داران موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ریاستی وزیر اور بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے ندی کی صفائی کے لئے 10 کروڑ روپئے منظور کرائے تھے جس کے بعد نومبر میں محکمہ آبپاشی کے سینئر انجینئر مینگلور کے آنند کمار نے ڈارنٹا اور غوثیہ اسٹریٹ پہنچ کر سرابی ندی کا معائنہ کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے بتایا تھا کہ منصوبے کے تحت چوتنی کے کُدرے بیرپّا مندر کے قریب سے ڈونگر پلی تک تقریباً 1.9 کلومیٹر طویل حصے کی صفائی کی جانی ہے۔ اس دوران ندی میں جمع مٹی، کیچڑ اور کانٹے دار جھاڑیوں کو ہٹانے کے علاوہ اس کی گہرائی تین میٹر تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔
اس وقت محکمہ کی جانب سے جنوری 2026 میں کام شروع کرکے تین ماہ کے اندر، یعنی مارچ تک منصوبہ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، تاہم مقررہ مدت میں کام شروع نہیں ہوسکا اور اب تقریباً آٹھ ماہ کی تاخیر کے بعد 17 نومبر سے اس کا آغاز ہونے جارہا ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً پانچ کلومیٹر طویل سرابی ندی کی مکمل بحالی کے لیے 10 کروڑ روپے کی رقم ناکافی ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے ابتدائی مرحلے میں ڈونگر پلی میں بیراج کی تعمیر اور ندی کے زیادہ متاثرہ حصوں کی صفائی کو ترجیح دینے کی بات کہی گئی تھی۔
پمپنگ اسٹیشن سے گندے پانی کا اخراج بدستور جاری

ایک طرف سرابی ندی کی صفائی کا کام شروع ہونے جارہا ہے، تو دوسری جانب غوثیہ اسٹریٹ میں واقع پمپنگ اسٹیشن سے ندی میں گندے پانی کا اخراج بدستور جاری ہے۔ اس صورتحال پر ندی کے اطراف رہنے والے عوام نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ جب تک پمپنگ اسٹیشن سے گندے پانی کا اخراج بند نہیں کیا جاتا، اس وقت تک ندی کی صفائی کے نتائج کس طرح برقرار رہ سکیں گے؟
اس مسئلے کے پیش نظر گزشتہ ہفتہ سنیچر 7 نومبر کو بھٹکل سٹی میونسپل کونسل کے کمشنر بابا صاحب مانے اور کاروار سے آئے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر سدانند نے غوثیہ اسٹریٹ پہنچ کر پمپنگ اسٹیشن کا معائنہ کیا تھا۔ انہوں نے ناراض مقامی باشندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا تھا کہ بدھ 11 نومبر کو کاروار سے محکمہ واٹر بورڈ کے انجینئروں کی ایک ٹیم موقع پر پہنچے گی اور گندے پانی کے اخراج کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کرے گی۔
تاہم آج بدھ کی شام تک متعلقہ انجینئروں کی ٹیم موقع پر نہیں پہنچی اور پمپنگ اسٹیشن سے گندے پانی کا اخراج بھی جاری رہا، جس پر مقامی باشندوں میں سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔
ساحل آن لائن نے اس سلسلے میں بھٹکل سی ایم سی کمشنر بابا صاحب مانے اور کاروار کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر سدانند سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم دونوں نے کال ریسیو نہیں کی۔