ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 79واں یومِ آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا؛ پرچم کشائی کے بعد تحصیلدار نے اتحاد پر دیا زور

بھٹکل میں 79واں یومِ آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا؛ پرچم کشائی کے بعد تحصیلدار نے اتحاد پر دیا زور

Sat, 16 Aug 2025 14:22:38    S O News
بھٹکل میں 79واں یومِ آزادی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا؛ پرچم کشائی کے بعد تحصیلدار نے اتحاد پر دیا زور

بھٹکل 16 اگست (ایس او نیوز): جمعہ 15 اگست کو بھٹکل تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے 79واں یومِ آزادی نوائط کالونی کے تعلقہ اسٹیڈیم گراؤنڈ، المعروف وائی ایم ایس اے میدان میں بڑے جوش و خروش اور شاندار طریقے سے منایا گیا۔

بھٹکل تحصیلدار ناگیندرا کولا شٹّی نے پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی آزادی دراصل "تنوع میں اتحاد" کی مضبوط بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک نے معیشت، سائنس، ٹیکنالوجی اور طبی شعبوں میں نمایاں ترقی کی ہے، اور سماجی اعتبار سے بھی قابلِ ذکر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ تاہم غربت کا خاتمہ، سماجی تقسیم اور ماحولیاتی تبدیلیاں آج بھی بڑے چیلنج ہیں جنہیں عوام کو باہمی اتحاد سے ہی حل کرنا ہوگا۔

تقریب میں جالی پنچایت کی صدر آفشا قاضیا، نائب صدر عمران لنکا، بھٹکل میونسپالٹی کے انچارج صدر الطاف کھروری، سابق صدر عنایت اللہ شاہ بندری، تعلقہ گارنٹی عمل درآمد کمیٹی کے صدر راجو نائک، تعلقہ پنچایت کے ایگزیکٹیو آفیسر سنیل، میونسپالٹی کے انچارج چیف آفیسر وینکٹیش ناوُڈا، جالی پنچایت کے چیف آفیسر منجپّا، سی پی آئی منجوناتھ لنگا ریڈی سمیت دیگر معززین شریک رہے۔

استقبالیہ کے فرائض بھٹکل بلاک ایجوکیشن آفیسر وینکٹیش نائک نے انجام دیے، جبکہ شری دھر شیٹ نے نظامت کی۔ ایس آئی نوین نائک کی قیادت میں پولیس، این سی سی اور مختلف اسکولوں کے طلبہ نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا جس نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔ اس موقع پر تعلیمی، سماجی اور دیگر میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو تہنیت پیش کی گئی۔ 

آخر میں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے قریبی وائی ایم ایس اے ہال میں تمام سرکاری افسران کے لئے ناشتے کا انتظام کیا گیا۔


Share: