بھٹکل، 11 اگست (ایس او نیوز) : آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے منگل کو بھٹکل آمد کے موقع پر بستی روڈ پر واقع الکوثر گرلز کالج میں رشیدہ جوکاکو ہال کا افتتاح کیا اور کالج سے متصل وزڈم اسپیشل اسکول کا معائنہ کیا، جہاں خصوصی بچوں کو فراہم کی جانے والی تعلیم، تربیت اور نگہداشت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحیم مجددی نے خصوصی بچوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں کا قریب سے مشاہدہ کیا اور اسکول کی جانب سے بچوں کی دیکھ بھال اور تربیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی بچوں کی خدمت اور ان کی بہتر نگہداشت کو اہم سماجی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے ادارے سے وابستہ افراد کی خدمات کی ستائش کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ خصوصی بچوں کو صحت و عافیت عطا فرمائے اور ان کی مشکلات کو آسان فرمائے۔

الکوثر گرلز کالج کے چیئرمین ایس ایم سید شکیل نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے وزڈم اسپیشل اسکول کے بارے میں بتایا کہ یہ ادارہ تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے خصوصی بچوں کے لیے کھلا ہے اور اس وقت یہاں 25 بچوں کی تعلیم، تربیت اور نگہداشت کی جارہی ہے۔ بچوں کی دیکھ بھال اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے حسنہ جوکاکو کی سرپرستی میں دو معلمات اور دو دیگر اسٹاف خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ الکوثر گرلز کالج میں میٹرک اور سیکنڈ پی یو سی کے بعد طالبات کے لیے تین سالہ ڈپلومہ اِن اسلامک اسٹڈیز کورس چلایا جاتا ہے، جس میں حفظِ قرآن اور عربی زبان کی تعلیم بھی شامل ہے۔ اسی طرح ڈپلومہ اِن ہوم سائنس کے تحت سائنسی علوم کے ساتھ بنیادی دینی تعلیم بھی فراہم کی جاتی ہے۔ دونوں کورسز میں طالبات کو کوکنگ، ٹیلرنگ، ایمبرائیڈری، مہندی ڈیزائن اور خواتین کی عملی زندگی سے متعلق دیگر ہنر بھی سکھائے جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بالخصوص ڈپلومہ اِن ہوم سائنس کی طالبات کو ویلفیئر اسپتال کا دورہ کرایا جاتا ہے، جہاں انہیں میڈیکل اور نرسنگ سے متعلق بنیادی تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو دینی و عصری تعلیم کے ساتھ عملی زندگی کے لیے تیار کرنا بھی کالج کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی عمر کی فارغ التحصیل خواتین کے لیے ہفتے میں تین دن، پیر، بدھ اور سنیچر کو تفسیر قرآن کی کلاسز بھی منعقد کی جاتی ہیں، جن میں خواتین کی اچھی خاصی تعداد دلچسپی کے ساتھ شرکت کرتی ہے۔

تقریب کا آغاز وزڈم اسپیشل اسکول کے طالب علم نوران کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن عتیق الرحمن منیری نے مولانا فضل الرحیم مجددی کا تعارف پیش کیا، جبکہ الکوثر گرلز کالج کے سکریٹری مولوی یاسر برماور ندوی نے نظامت کے فرائض انجام دیے اور آخر میں شکریہ ادا کیا۔
مولوی یاسر برماور ندوی نے رشیدہ جوکاکو کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مرحومہ نے انجمن گرلز ہائی اسکول و کالج میں تقریباً 37 سال تک تدریسی خدمات انجام دیں اور اس دوران ہیڈ مسٹریس اور پرنسپل کے عہدوں پر بھی فائز رہیں۔ ملازمت سے سبکدوشی کے بعد بھی انہوں نے اپنی تعلیمی و تربیتی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا اور تقریباً آٹھ سال تک الکوثر گرلز کالج میں فی سبیل اللہ طالبات کی تعلیم و تربیت کے لیے اپنی خدمات پیش کیں۔ ان کی طویل اور مخلصانہ خدمات کے اعتراف میں کالج کے ہال کی مکمل تزئین و تجدید کے بعد اسے ان کے نام سے موسوم کرتے ہوئے رشیدہ جوکاکو ہال کا نام دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ادارہ تربیت اخوان کے ناظم ائیکری محمد اقبال (کیمیا) بھی موجود تھے، جبکہ الکوثر گرلز کالج کی پرنسپل و وزڈم اسپیشل اسکول کی نگران نبیرہ محتشم، معراج اور دیگر خواتین اسٹاف سمیت ادارے کی پوری ٹیم نے پروگرام میں شرکت کی۔