3؍ اگست کو روشن بیگ حج پروازوں کا افتتاح کریں گے
بنگلورو۔یکم اگست(عبد الحلیم منصور/ایس او نیوز)امسال منگلور سے سفر حج بیت اﷲ کیلئے پہلی پرواز 4 اگست کو منگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے راست مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوگی۔ اس سلسلے میں پہلی حج پرواز کی روانگی کے سلسلے میں افتتاحی جلسہ 3اگست کو منعقد کیاگیا ہے۔ منگلور کے باجپائی ایرپورٹ میں اس پروگرام کا اہتمام کیا جائے گا۔ یہ بات آج دکشن کنڑا حج نگران کمیٹی کے چیرمین وائی محمد کنی نے کہی۔ منگلور پریس کلب میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دکشن کنڑا ضلع کے قاضی مولانا تقی احمد مصلیار اور اڈپی کے قاضی الحاج پی ایم ابراہیم مصلیار کی دعاؤں کے ساتھ عازمین حج کا پہلا قافلہ منگلور سے روانہ ہوگا۔ تقریب کا افتتاح وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کریں گے۔اس کے علاوہ منگلور ضلع کے وزراء یو ٹی قادر ،رمناتھ رائے اور دیگر مذہبی رہنما جلسہ میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ منگلور حج نگرانی کمیٹی 2009 سے مسلسل حاجیوں کی خدمت میں لگی ہوئی ہے۔ 2009 میں باجپائی ایرپورٹ سے کالی کٹ ہوتے ہوئے 675 عازمین روانہ ہوئے تھے۔ 2010 میں یہ تعداد بڑھ کر 867ہوئی ، 2011میں 810 رہی ۔ 2012 میں 1060 ، 2013 میں966، 2014میں 731، 2015 میں 670 عازمین منگلو ر انٹرنیشنل ایرپورٹ سے سوئے حرم روانہ ہوئے۔ اس موقع پر دکشن کنڑا ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے صدر ایس ایم رشید حاجی نے بتایاکہ اس بار منگلور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے دکشن کنڑا اڈپی سمیت پانچ اضلاع کے 628 عازمین حج 4تا 8 اگست مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوں گے۔ اس اخباری کانفرنس میں حج آفیسر فیروز ، ضلع وقف آفیسر ایم ابوبکر ، اور حنیف حاجی بولار موجود تھے۔