ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / خلیجی ممالک میں پھنسے مہاراشٹر کے 164 شہری بحفاظت ممبئی واپس پہنچ گئے

خلیجی ممالک میں پھنسے مہاراشٹر کے 164 شہری بحفاظت ممبئی واپس پہنچ گئے

Wed, 04 Mar 2026 10:40:15    S O News
خلیجی ممالک میں پھنسے مہاراشٹر کے 164 شہری بحفاظت ممبئی واپس پہنچ گئے

ممبئی  ، 4/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)ایران۔ امریکہ؍ اسرائیل جنگ کے سبب مختلف خلیجی ممالک میں غیریقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ دیگر علاقوں کی طرح مہاراشٹر کے بھی کئی باشندے ان ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ مہاراشٹر ان باشندوں سے رابطے میں ہے اور انہیں بحفاظت واپس لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے ان کی مدد کیلئے ایک وہاٹس ایپ نمبر بھی جاری کیا ہے۔ اسی دوران نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے بھی دبئی میں پھنسے ہوئے مہاراشٹرین باشندوںکو بحفاظت واپس لانے کیلئے دو خصوصی طیاروں کا انتظام کیا  جن کے ذریعے منگل کی شام ۱۶۴؍ مسافر ممبئی ایئر پورٹ پہنچے۔  اس ضمن میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس خود بھی مختلف ایجنسیوں سےاور مرکزی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے ریاستی وزیر گریش مہاجن سے کہا ہے کہ وہ رابطہ کاری کے کام پر توجہ دیں۔ مرکزی حکومت بھی مہاراشٹر حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔یہ معلوم وزیر اعلیٰ دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں دی گئی ہے۔

مہاراشٹر حکومت نے دبئی میں انڈین پیوپلس فورم کے ساتھ مل کر ایک وہاٹس ایپ نمبر جاری کیا ہے اور اپیل کی جارہی ہے کہ جن لوگوں کو مدد کی ضرورت ہے وہ اس وہاٹس ایپ نمبر:۹۷۱۵۰۳۶۵۴۳۵۷؍ پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں ۔ انہیں فوری مدد فراہم کی جائے گی اور واپس لانےکاانتظام بھی کیاجائے گا۔

ایران۔اسرائیل۔امریکہ کے درمیان شدید تنازع جاری ہے جس کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں فضائی حدود بند کر دی گئی ہیں۔ ایسے حالات میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دبئی اور متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے مہاراشٹر کے بہت سے شہریوں کی مدد کیلئے فوری اقدامات کئے ہیں اور ان کیلئے  اسٹار ائیر کی۲؍ خصوصی پروازں کا انتظام کیا ۔ ایکناتھ شندے نے ذاتی طور پر وہاں پھنسے ہوئے افراد سے بات چیت بھی کی  ان کوششوں کے نتیجے میں، اسٹار ایئر کی دو خصوصی پروازیں منگل کی دوپہر فجیرہ ہوائی اڈے سے روانہ  کی گئیں ۔ ان میں سے ایک ہوائی جہاز ’وی ٹی جی ایس او  ‘ نےدوپہر ساڑھے ۳؍ بجے جبکہ دوسرے ’وی ٹی جی ایس ایچ ‘ نے شام ساڑھے ۴؍بجے پرواز کی۔ان دو پروازوں سے کل۱۶۴؍ مسافر  شام ساڑھے ۵؍ تا شام ۷؍ بجے ممبئی ایئرپورٹ پر پہنچے۔ اس میں پونے کے اندرا اسکول آف بزنس اسٹڈیز کے۸۴؍ طلبہ کے ساتھ ساتھ تھانے، مرباڑ، اہلیہ نگر وغیرہ کے دیگر شہری بھی شامل ہیں۔

نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دو دن پہلے ان مراٹھی شہریوں سے بات چیت کی تھی۔ انہوں نے کہاکہ ’’آپ سب محفوظ ہیں، فکر نہ کریں، مہاراشٹر حکومت اور میں خود آپ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوں۔ آپ کو بحفاظت گھر واپس لانے کی تمام کوششیں کی جائیں گی۔‘‘  یاد رہے کہ ملک بھر کے مختلف مقامات سے روزی روٹی کمانے لاکھوں افراد خلیجی ممالک جاتے ہیں۔ ان میں جو سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں وہ کسی حد تک تشویشناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ جو سیاحت کیلئے گئے تھے وہ فوراً واپس ہو رہے ہیں۔  


Share: