آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈکے صدرمولانارابع حسنی ندوی نے دستخطی مہم کوتیزترکرنے کی اپیل کی
نئی دہلی19اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یونیفارم سول کوڈکے نفاذکی کوششوں اورمسلم پرسنل لاء میں مداخلت کے پیش نظرآل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈپورے ملک میں دستخطی مہم چلارہاہے۔بورڈکے صدرمولاناسیدرابع حسنی ندوی نے تمام مسلمان مردوں اورعورتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دستخطی مہم میں پوری تندہی کے ساتھ حصہ لیں اورمسلم پرسنل لاء بورڈکے پیغام کوگھرگھرپہونچائیں نیزاپنی صفوں میں اتحادقائم کریں اوراس بات کاعہدلیں کہ اسلامی شریعت میں کسی تبدیلی کوقطعی برداشت نہیں کریں گے۔بورڈکے لیٹرپیڈپرجاری اپیل میں صدرمحترم نے کہاہے کہ حکومت ہندکے ذمہ داروں کی طرف سے شریعتِ اسلامی میں تبدیلی کی کوشش کاجوآغازہواہے۔اس کوامت مسلمہ کے تمام حلقوں نے مستردکردیاہے کیونکہ شریعت اسلامی میں کسی کوبھی تبدیلی کاحق نہیں ہے۔