وزیراعظم کا عہدہ آئینی،نکاح وطلاق کامعاملہ پرسنل لاء سے طے ہوگا،اعظم خاں نے پی ایم کوبنایانشانہ
بریلی، 28؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اترپردیش کے سینئر کابینہ وزیر اعظم خاں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر نشانہ لگاتے ہوئے آج کہا کہ مودی کو عوامی فورم پر ’جے شری رام‘ کے ساتھ ساتھ ’نعرۂ تکبیر‘اور ’واہے گرو کا خالصہ ‘کا نعرہ بھی لگانا چاہیے۔خاں نے کل شام یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں وزیر اعظم کے جے شری رام کا نعرہ لگانے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم توایک آئینی عہدہ ہے اوراس لحاظ سے مودی تمام مذہبوں کو ماننے والے لوگوں کے وزیر اعظم ہیں۔اگر انہوں نے ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگایاتھاتوانہیں ’نعرہ تکبیر اللہ اکبر‘اور ’واہے گرو کا خالصہ‘، ’واہے گرو کی فتح ‘بھی بولنا چاہیے تھا۔قابل ذ کرہے کہ وزیر اعظم نے گذشتہ11؍اکتوبر کو دسہرہ کے موقع پر لکھنؤ میں منعقد اجلاس میں کئی بار ’جے شری رام‘کا نعرہ لگایا تھا۔اسے لے کر اپوزیشن پارٹیاں ان پر تنقید کر رہی ہیں۔تین طلاق کے مسئلے پرمسٹر خاں نے کہا کہ طلاق کیسے ہوگی ، شادی کس طرح ہوگی اور نماز کس طرح اداکی جائے گی، یہ پرسنل لاء سے ہی طے ہوگا۔ایودھیا میں رام کی یادگار بنانے کے سوال پر خاں نے کہا کہ اللہ نے ایک لاکھ 40ہزار پیغمبر وں کو دنیا میں بھیجا ہے ۔ان میں سے20کے نام قرآن شریف میں بھی ہیں۔رام اور کرشن ہمارے رہنمااورپیشوا ہو بھی سکتے ہیں اور نہیں بھی۔علماء کرام کے درمیان اس معاملے پربحث چل رہی ہے۔ایسے میں بی جے پی کے ایودھیا میں یادگار بنانے پر ہمیں اعتراض ہے۔خاں نے کہا کہ کسی کی یادگار کومٹاکر اس جگہ کسی اور کی یادگار کی تعمیر ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں مسجد بابر نے نہیں بنوائی تھی، مسجد کسی کے بھی نام پر ہو سکتی ہے۔وزیراعلیٰ اکھلیش یادو اور ان کے چچا شیو پال یادو کے درمیان اختلاف پر براہ راست تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے خاں نے کہا کہ جب تنازعہ کاخمیازہ تمام لوگ بھگت رہے ہیں تو وہ خود بھی بھگت لیں گے۔