لکھنؤ، 7 /مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتویں اور آخری مرحلے کے لیے سات اضلاع کی 40سیٹوں پر کل پولنگ ہوگی، اسی مرحلے میں وزیر اعظم نریندر مودی کا پارلیمانی حلقہ وارانسی بھی شامل ہے۔نکسل متاثرہ اضلاع سون بھدر، مرزا پور اور چندولی کے علاوہ وارانسی پارلیمانی حلقہ کے تحت آنے والی سیٹوں پر سب کی نگاہیں مرکوز ہوں گی۔ساتوں اضلاع میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں، ووٹوں کی گنتی 11/مارچ کو ہوگی۔نکسل متاثرہ دودھی، رابرٹس گنج اور چکیاکی سیٹوں پر پولنگ صبح سات بجے سے شام چار بجے تک ہوگی جبکہ دیگر تمام پولنگ مراکز پر صبح سات بجے سے شام پانچ بجے تک پولنگ ہوگی۔کل41کروڑ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر سکیں گے،ان میں 64.76لاکھ خواتین ہیں، پولنگ کے لیے کل 14 458پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ بی جے پی 32سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے جبکہ 4-4 سیٹیں اس نے اپنی اتحادی جماعت اپنا دل اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کو دی ہیں۔بی ایس پی نے تمام سیٹوں پر امیدوار اتارے ہیں، ایس پی 31سیٹوں پر ہے تو اس کی اتحادی پارٹی کانگریس باقی 9 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔قال ذکرہے کہ 2012کے اسمبلی انتخابات میں 40سیٹوں میں سے 23پر ایس پی نے جیت درج کی تھی جبکہ بی ایس پی کو 5، بی جے پی کو4، کانگریس کو 3 جبکہ دیگر کو5 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔اس مرحلے میں وارانسی کے علاوہ غازی پور، جونپور، چندولی، مرزاپور، بھدوہی اور سون بھدر میں پولنگ ہوگی۔