علی گڑھ 18مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے آج یونیورسٹی کے عہدیداران کے ساتھ ایڈمنسٹریٹو بلاک کے کانفرنس روم میں منعقدہ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انڈیا ٹوڈے کی موجودہ رینکنگ میں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج،لاء فیکلٹی، ذاکر حسین انجینئرنگ کا لج اور فائن آرٹس شعبہ کے اعلیٰ رینک حاصل کرنے پریونیورسٹی برادری کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے سبھی طبقات کے مشترکہ تعاون اور محنت سے ہی یونیورسٹی کے بارے میں رائے عامّہ کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سبھی اساتذہ، طلبأ اور غیر تدریسی عملہ کے اراکین متحدہ طور پرمحنت سے کوشش کریں تو اے ایم یو کو جلد ہی ہندوستان کی نمبرایک یونیورسٹی بنایا جاسکتا ہے۔پروفیسر منصور نے کہا کہ سبھی شعبوں اور اقامتی ہالوں سے متعلقہ ابنائے قدیم کا ایک ڈیٹا بیس تیار کیا جائے اور ان سے رابطہ قائم کرکے انہیں یونیورسٹی کے ترقیاتی کاموں میں حصہ داری کے لئے مدعو کیا جائے۔ پروفیسر منصور نے کہا کہ وہ”ایک شخص، ایک عہدہ“ کے اصول پر یقین رکھتے ہیں اور وہ یہ بھی مانتے ہیں کہ ذاتی تعلقات اور پیشہ ورانہ تعلقات میں فرق رہنا چاہئے اورجائے عمل پر دونوں کو ایک دوسرے سے غلط ملط نہیں کرنا چاہئے۔وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے سبھی عہدیداران سے اپیل کی کہ وہ اپنے موبائل فون24گھنٹہ کھلا رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہتراور جواب دہ انتظامیہ کے لئے ضروری ہے کہ اس کے سبھی ذمہ داران ہمیشہ لوگوں کے رابطہ میں رہیں۔انہوں نے خصوصی طور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کیمپس میں جرائم پیشہ عناصر کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے جبکہ انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ ہونہار طلبأ کے مسائل کے حل کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ گیمس اینڈ اسپورٹس، ادبی و ثقافتی، ایکسٹرا کریکلم اورکو کریکلم سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلبأ کے لئے خصوصی سہولیات مہیا کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایسے طلبأ کے لئے حاضری کی شرط میں نرم رویّہ کے قائل ہیں۔وائس چانسلرپروفیسر طارق منصور نے کہا کہ یونیورسٹی کے کئی اقامتی ہالوں میں سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور وہ اس سمت میں جلد ہی ضروری اقدام کریں گے۔