ممبئی 19/جولائی (ایس او نیوز) حکومت ہند نے معروف اسلامی اسکالر ذاکر نائک کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق قومی جانچ ایجنسی (این آئی اے) کی درخواست پر ممبئی میں واقع علاقائی پاسپورٹ آفس نے نائیک کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کا قدم اٹھایا ہے۔ این آئی اے نے گزشتہ ہفتے ہی وزارت خارجہ سے نائک کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی۔ وزارت خارجہ نے نائک کو نوٹس جاری کر کے پوچھا تھا کہ اس کا پاسپورٹ کیوں نہ منسوخ کردیا جائے۔
ڈاکٹر ذاکر نائک پر دہشت گردانہ سرگرمیوں اور منی لانڈرنگ کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ این آئی اے ان الزامات کی تحقیقات کر رہی ہے۔ نائک کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پرغیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
بنگلہ دیش میں گزشتہ سال ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں ذاکر نائک کے مبینہ کردار کی بات سامنے آنے پر وہ جانچ ایجنسیوں کے راڈار پر آگئے تھے۔ این آئی اے نے گزشتہ نومبر میں ان کے خلاف مجرمانہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔انہیں لانے کے لئے انٹرپول کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔