نئی دہلی:10/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سیکولر جنتا دل کے قومی ترجمان کنور دانش علی نے کہا ہے کہ ملک کی ہم خیال سیکولر پارٹیوں کا محاذ بہت جلد حقیقت میں بدلنے جارہا ہے۔یہاں انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر میں اپنے اعزاز میں منعقد ایک تقریب میں انہوں نے اس امکان کی طرف اشارہ کیا اوراعتماد کے ساتھ کہا کہ کرناٹک نے ملک میں جس تبدیلی کی راہ ہموار کی ہے اس پر ایک ذہن رکھنے والی پارٹیوں کااندھیرے سے روشنی کی طرف سفر حتمی منزل تک جاری رہے گا۔کنور دانش علی کو واضح رہے کہ حال ہی میں کرناٹک میں جنتادل (ایس) کی طرف سے اس کمیٹی کا کنوینر بنایا گیا ہے جو جنتادل (ایس) اور کانگریس کے درمیان مشترکہ پروگرام کی نگرانی کرے گی۔