جے پور :14/ جنوری (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا )راجستھان کے نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے پیر کو کہا کہ ملک میں صرف کانگریس ہی ایسی پارٹی ہے جو مرکز میں حکمران بی جے پی کوچیلنج دے سکتی ہے اور اسے شکست دی سکتی ہے۔ ساتھ ہی سچن پائلٹ نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس کی قیادت والا اتحاد (یو پی اے)مرکزمیں اگلی حکومت بنائے گا۔ اتر پردیش میں کانگریس کا بی ایس پی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ سیٹوں کو لے کر اتحاد نہ ہونے پر پائلٹ نے کہا کہ کانگریس کو کبھی کمزور تصور نہیں کرناچاہیے۔سچن پائلٹ نے کہاہے کہ اتر پردیش میں ہم سب80 سیٹوں پر مقابلہ کریں گے۔ 2009 میں کانگریس نے 22۔23 سیٹیں جیتیں تھیں تو کانگریس کو کبھی بھی کمزورتصور نہیں کرناچاہیے۔جیساراہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ اس اتحاد کا احترام کرتے ہیں لیکن کانگریس اپنے طور پر لڑے گی اور اچھی سیٹیں جیتے گی۔پائلٹ نے کہا کہ آئینی اداروں کو تباہ کرنے میں اپنی ساری طاقت لگا دینے والوں کو شکست دینے کے لئے قومی اور علاقائی پارٹیوں کو ساتھ آنا ہوگا۔ اہم جماعتوں کے منحرف ہونے سے جہاں این ڈی اے کمزور ہوا ہے وہیں یوپی اے کے اتحادیوں نے کانگریس صدر راہل گاندھی کی قیادت میں یقین بحال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس کی قیادت میں یو پی اے حکومت بنائے گی۔کانگریس کے ریاستی صدر اور نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں یو پی اے میں مسلسل اضافہ ہوا ہے،وہیں این ڈی اے کے اتحادی پارٹی اس سے منشتر ہوتی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (لوک سبھا) انتخابات دور نہیں ہے اور جس طرح سے بی جے پی کے خیمے میں کھلبلی مچی ہے اس سے صاف دکھائی دیتی ہے کہ بی جے پی ان انتخابات میں شکست کو تسلیم کرلیا ہے ۔