بنگلورو،7؍فروری(ایس او نیوز) ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے شمال مغربی اساتذہ حلقہ میں جنتادل (ایس) امیدوار رمیش بابو کی کامیابی پر ریاستی وزیر توانائی ڈی کے شیوکمار نے مسرت کا اظہار کیا ہے، اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس کا مقصد صرف یہی تھاکہ فرقہ پرست بی جے پی کو کامیاب ہو نے نہ دیا جائے اور اس مقصد میں پارٹی کامیاب رہی۔ سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا کی بی جے پی میں شمولیت کے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ کرشنا نے ابھی بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ نہیں کیا ہے، لیکن یہ بات ایک حقیقت ہے کہ کچھ معاملات میں سابق وزیراعلیٰ کو دکھ ہوا ہے، ان کی اس ناراضگی کو دور کرنے کی سنجیدہ اور دیانتدارانہ کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کواپنے ہی بزرگوں ، اٹل بہاری واجپائی، ایل کے اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کی ضرورت نہیں ہے۔وہ ایس ایم کرشنا کو پارٹی میں شامل کرکے کیا کرے گی ؟ ۔