ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کنداپور میں پیش آیا سائبر فراڈ کا معاملہ - خاتون نے گنوائے 8.87 لاکھ روپے

کنداپور میں پیش آیا سائبر فراڈ کا معاملہ - خاتون نے گنوائے 8.87 لاکھ روپے

Mon, 23 Sep 2024 19:09:26    S.O. News Service

کنداپور ، 23 / ستمبر (ایس او نیوز) شہر کے پولیس تھانے میں ایک خاتون کی طرف سے درج کروائی گئی شکایت کے مطابق سائبر پولیس کے بہروپ میں فریب کاروں نے اس کے کھاتے سے 8.87 لاکھ روپے اڑا لیے ۔
    
تعلقہ کے ہانگلور کی رہنے والی بھویشیا (30 سال) کی طرف سے درج کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ 21 ستمبر کو کسی اجنبی نے فون کرکے اسے بتایا کہ اس کے آدھار کارڈ نمبر منسلک کرکے ممبئی سے ایران کے لئے پارسل بھیجا گیا ہے ۔ اس میں پانچ ایرانی پاسپورٹ، کریڈٹ کارڈس، لیپ ٹاپ اور ایم ڈی ایم کی نشہ آور گولیاں پائی گئی ہیں ۔ ممبئی پولیس کے پاس یہ معاملہ درج ہوا ہے ۔ تم بھی اپنی طرف سے سائبر کرائم پولیس کے پاس شکایت درج کردو ۔ یہ کہتے ہوئے ممبئی کرائم برانچ پولیس کے ساتھ فون کال جوڑ دی گئی ۔
    
فون جڑنے کے بعد ایک خاتون نے اپنے آپ کو سائبر کرائم آفیسر بتاتے ہوئے بھویشیا سے بات کی اور اس کے آدھار کارڈ اور دیگر دستاویزات کی تفصیل حاصل کی ۔ اس کے بعد اسے بتایا گیا کہ اگر بھویشیا انسٹنٹ لون (فوری قرضہ) لیتی ہے تو اس کے ذریعے معلوم ہوسکتا ہے کہ اس کے ساتھ پارسل بھیجنے کا فراڈ کس نے کیا ہے ۔ 
    
بھویشیا کا کہنا ہے کہ اس نے فریب کاروں کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے 8,78,760 روپے انسٹنٹ لون کے طور پر قرضہ لیا اور اپنے کھاتے میں رقم جمع کروائی ۔ اس کے فوری بعد فراڈ کرنے والوں نے انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے اس کے کھاتے سے جملہ 8,87,307 روپے صاف کر دئے ۔ اس طرح وہ سائبر فراڈ کا شکار ہوگئی ۔
    
پولیس نے کیس درج کر لیا ہے ۔ معاملے کی تحقیقات جاری ہے ۔   


Share: