نئی دہلی، 31دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی میں عوامی نقل و حمل کا استعمال کرنے والے لوگوں کو کم کئے جانے والے کرایہ پر ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں سفر کرنے کے لئے ابھی کچھ اور انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ حکومت نے 75فیصد تک کرایہ میں کمی کو لے کر اپنے محکموں سے تبصرہ مانگاہے۔ایک سرکاری اہلکار نے کہا کہ حکومت نے کرایہ میں کمی سے منسلک فائل پر محکموں سے تبصرہ مانگاہے،نیا کرایہ اگلے ہفتے سے نافذ ہونے کا امکان ہے،لوگوں کو عوامی نقل و حمل کے استعمال کے تئیں فروغ دینے کے مقصد سے کرایہ میں کمی کل سے ایک ماہ کے لئے نافذ ہونے والی تھی لیکن تاخیر سے لگتا نہیں کہ ابھی یہ لاگو ہوں گے۔ریاستی حکومت نے غیر اے سی بسوں کے لئے ماہانہ بس پاس کی شرح 800روپے سے کم کرکے 250روپے کرنے اور اے سی بسوں کے لئے 1000روپے سے کم کرکے 250روپے کرنے کی منصوبہ بندی بنائی ہے۔ٹیسٹ کے طور پر ایک ماہ کے لئے غیر اے سی ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں ایک اسی پانچ روپے کرایہ ہوگا جبکہ اے سی بسوں میں 10روپے کرایہ دینا پڑے گا،فی الحال اے سی بسوں میں 10روپے سے 25روپے تک کا اور غیر اے سی بسوں میں پانچ روپے سے 15روپے تک کا کرایہ ہے۔