سری نگر ، 25؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )علیحدگی پسندوں کے ہڑتال کے اعلان کو نظر انداز کرتے ہوئے آج یہاں زیادہ تعداد میں لوگ گھروں سے نکلے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت میں بھی اضافہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ شہر کے کئی علاقوں میں نجی گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔یہاں تقریباََ چار ماہ تک ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر رہے ہیں اور اب آہستہ آہستہ لوگوں کی زندگی پٹری پر لوٹ رہی ہے۔شہر میں ٹریفک میں قابل ذکر اضافہ ہو رہا ہے۔ایسے میں ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس اہلکاروں کو اہم مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔سول لائنز اور شہر کے بیرونی علاقوں میں کئی دکانیں بھی کھلیں ۔کاروباری مرکز لال چوک کے ارد گرد ریہڑی پٹری والوں نے اپنے اپنے کھومچے لگائے۔ایک افسر نے بتایا کہ یہاں ہر روز لوگوں اور گاڑیوں کی نقل وحرکت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، لیکن علیحدگی پسند وں کی ہڑتال کی وجہ سے وادی کے باقی حصوں میں معمولات زندگی اب بھی متاثر ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پورے کشمیر میں لوگوں کی نقل و حرکت پر کہیں بھی پابندی نہیں ہے، لیکن قانون وانتظام کوبرقراررکھنے کی خاطر پوری وادی میں چار سے زیادہ لوگوں کے ایک ساتھ جمع ہونے پر پابندی ضرور ہے۔