ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / کرناٹک کے لئے امداد,نئی دہلی میں اعلی سطحی میٹنگ جمعرات کو ہوگی

کرناٹک کے لئے امداد,نئی دہلی میں اعلی سطحی میٹنگ جمعرات کو ہوگی

Wed, 04 Jan 2017 23:04:56    S.O. News Service

نئی دہلی:4/جنوری (ایس او نیوز)کرناٹک کو 2016میں خریف کی فصل میں ہوئے نقصانات پر جاری کئے جانے والی خشک سالی کی راحت کے حصہ کومتعین کرنے کیلئے وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کی زیر قیادت اعلی سطحی کمیٹی کی میٹنگ پر نظر ثانی کی گئی ہے۔ یہ میٹنگ اب جمعرات 5جنوری کو ہوگی۔ریاستی حکومت نے 2016کی خریف کی فصلوں پر مرکز سے امداد کے طور پر 4702کروڑ روپے دینے کی اپیل کی ہے، کیو ں کہ ریاست میں شدید خشک سالی ہے تاہم مرکزی تکنیکی ٹیم نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ سے 1782.44کروڑ روپے ہی جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔اعلی سطحی میٹنگ آج ہونے والی تھی تاہم کل شام تک اسے ملتوی کردیا گیا۔ایک سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ ااس کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔ تکنیکی کمیٹی نے کرناٹک کو 1782.44کروڑ روپے دینے کی خواہش کی ہے۔تکنیکی کمیٹی کی سفارشات پر اعلی سطحی کمیٹی کی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ذیلی کمیٹی کی جانب سے سفارش کردہ راحت فنڈ ریاستی حکومت کی طلب کردہ رقم سے 38فیصد کم ہے۔ وزیراعلیٰ سدارامیا نے گذشتہ ہفتہ وزیراعظم نریندر مودی سے اپیل کی تھی کہ گذشتہ 40دنوں سے بدترین خشک سالی کے پیش نظر کسانوں کی پریشانی پر غور کرتے ہوئے راحت کی مکمل رقم جاری کریں۔ریاستی حکومت نے پہلے ہی خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں 400کروڑ روپے صرف کئے ہیں۔ اگر مرکز مکمل راحت کی رقم نہیں دے گا تو اس سے سرکاری خزانہ پر بوجھ پڑے گا۔سدارامیا نے وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا ے یہ بات کہی۔ کرناٹک گذشتہ 6 برسوں سے شدید خشک سالی کا سامنا کررہا ہے۔ 2016-17میں ہوئی خشک سالی 40سال کی بدترین خشک سالی تھی۔ریاستی حکومت نے 176خشک سالی سے متاثرہ تعلقہ جات میں سے 139تعلقہ جات کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا ہے۔


Share: