بنگلورو،30؍جنوری(ایس اونیوز) سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشناکو بی جے پی میں مدعو کئے جانے کے مشورہ پر محتاط رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ذہنی طور پر اگر ایس ایم کرشنا بی جے پی میں شمولیت کیلئے آمادہ ہوں تو انہیں ضرور مدعو کیا جائے گا۔ آج پارٹی دفتر میں میڈیا ورکشاپ سے قبل اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ بہت جلد وہ ایس ایم کرشنا سے ملاقات کریں گے اور ان کے ذہن میں کیا ہے جاننے کی کوشش کریں گے، اس کے بعد ہی انہیں پارٹی میں مدعو کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر بی جے پی کے ترجمان اور رکن اسمبلی سی ٹی روی نے کہاکہ آئندہ اگادی تہوار کے فوراً بعد ریاست میں نئی سیاسی صف بندی شروع ہوجائے گی، اور کانگریس پارٹی کو بڑے بڑے جھٹکے لگنے لگیں گے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے سینئر لیڈر جناردھن پجاری نے یہ درست کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کانگریس کو ڈوبنے کیلئے بحر عرب میں بھی جگہ نہیں ملے گی۔ ایس ایم کرشنا کو بی جے پی میں شامل کرنے کے متعلق انہوں نے کہاکہ پارٹی کے سینئر لیڈ ران یہ فیصلہ لیں گے۔