نئی دہلی:08 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)یہ بات نوٹس میں آئی ہے کہ کچھ بد عنوان عناصر قومی خطہ راجدھانی دلّی کے کاشت کاروں میں یہ پیغام پھیلا رہے ہیں کہ ڈیزل زرعی پمپوں کے استعمال پر قومی گرین ٹرائبونل (این جی ٹی) کی جانب سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ عناصر اس طرح کی خبریں پھیلا کر کاشت کاروں کو ہراساں کر رہے ہیں اور انہیں نیا پمپ خریدنے کے لئے مجبور کر رہے ہیں۔ این جی ٹی کی جانب سے ابھی تک اس طرح کا کوئی پیغام جاری نہیں کیا گیا ہے اور وضاحت کی جاتی ہے کہ معزز این جی ٹی کی جانب سے 7 اپریل کو جاری کئے گئے اس کے احکام نمبر 95/2014 میں یہ ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام تر ڈیزل سے چلنے والی (بھاری اور ہلکی گاڑیاں)، جو 10 سال سے زائد پرانی ہو چکی ہیں، انہیں قومی خطہ راجدھانی دلّی کی سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔لہٰذا، یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ مذکورہ احکام کا تعلق ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں سے ہے نہ کہ ڈیزل کے استعمال سے چلائے جانے والے زرعی پمپوں کے لئے۔تمام ریاستی حکومتوں اور نفاذ ایجنسیوں کی اطلاع کے لئے یہ وضاحت بھی پیش کی جاتی ہے کہ وہ اس امر کو یقینی بنائیں کہ اس طرح کی غلط اطلاع پھیلانے کا سلسلہ جاری نہ رہے اور کاشت کاروں کو کوئی ہراساں نہ کر سکے۔