بنگلورو۔29؍جنوری(ایس او نیوز) شہر میں یکم فروری کو ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے T20 کرکٹ میچ کیلئے ٹکٹ کی خریداری کرنے آج چنا سوامی اسٹیڈیم میں شائقین کا اژدہام دیکھا گیا۔ اس بار ٹکٹوں کی خریداری کے دوران منتظمین نے ہر خریدار کے آدھار کارڈ کا نمبر لازمی طور پر حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ اسٹیڈیم کے اندر کسی بھی طرح کی گڑبڑ کی صورت میں آسانی سے نشاندہی کی جاسکے۔ نہ صرف اس میچ کیلئے بلکہ آنے والے آئی پی ا یل میچوں کیلئے بھی ٹکٹوں کی خریداری آدھار نمبر دینے پر ہی ہوسکے گی۔ شہر کی پولیس کی طرف سے اس سلسلے میں کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن کو دی گئی ہدایت کے بعد آئی پی ایل کے منتظمین بی این اے نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ حال ہی میں منعقدہ اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی میٹنگ میں جائزہ لیا گیا کہ شہر میں آئے دن لڑکیوں پر دست درازی اور جنسی ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر اس طرح کے بڑے پروگراموں کے ٹکٹوں کی فروخت صرف آدھار نمبر کی بنیاد پر کی جائے۔ ساتھ ہی ٹکٹ کے خریداروں کی انگلی کے نشان بھی اسکیان کئے جائیں گے، تاکہ ان کی طرف سے دئے گئے آدھار نمبر کی بروقت جانچ کی جاسکے۔ یکم فروری کو ہونے والے T20میچ سے ہی پولیس نے چنا سوامی اسٹیڈیم میں یہ نیا نظام متعارف کروادیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ خریداروں کو ہر ٹکٹ کاؤنٹر میں اپنا آدھار نمبر دے کر ہی ٹکٹ خریدنی پڑے گی ، جبکہ آن لائن ٹکٹ خریدنے والوں کو ویب سائٹ پر ہی آدھار نمبر درج کرنے کی سہولت مہیا کرائی گئی ہے۔ وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور کی قیادت میں حال ہی میں پولیس کمشنر پروین سود اور میچ کے منتظمین ڈی این اے نیٹ ورک اور کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ اسوسی ایشن کے نمائندوں کی طرف سے اس نئے سیکورٹی نظام کو لاگو کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے منتظمین کو سخت ہدایت دی کہ ٹکٹوں کی فروخت میں آدھار نمبر کے ساتھ کسی طرح کی مصالحت نہ کی جائے۔ وزیر داخلہ کی اس ہدایت کے مطابق ہی منتظمین نے ہر ٹکٹ خریدار کے آدھار نمبر اور دیگر تمام تفصیلات درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں اس سے مدد حاصل کی جائے۔