منگلورو 5؍جولائی (ایس او نیوز)کے سی روڈ پر واقعKotekar Agricultural Cooperative Bankمیں 23جون کو چاقو کی نوک پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کرنے والے دونوں ملزمین کو منگلورو پولیس کی سٹی کرائم برانچ(سی سی بی) نے گرفتار کرلیا ہے۔
بینک منیجرمنوہری کی طرف سے پولیس میں درج شکایت کے مطابق ملزمین نے چاقو کی نوک پر منیجر اور دیگر اسٹاف کو ٹوائلیٹ میں بند کر نے کے بعددن دہاڑے بینک لوٹنے کی کوشش کی تھی۔ کہتے ہیں کہ جب وہ لوگ اسٹرانگ روم میں داخل ہونے کے بعدوہاں پر گاہکوں کی طرف سے گروی رکھے گئے تقریباً5.5کروڑ روپے مالیت کے 20کلوگرام سونے کے زیورات تھیلے میں بھر کر موٹر بائک پر سوار ہوئے تو کسی طرح ٹوائلیٹ کا دروازہ کھول کر باہر نکلنے والے اسٹاف میں سے رامچندرا اچاریہ نامی بینک کے سنار نے ایک بہت بڑا پتھر لٹیروں پردے مارا۔ پتھر نشانے پر لگتے ہی دونوں بائک سے گر پڑے۔ اس صورتحال سے گھبر ا کر سونے کے زیورات بھرا تھیلہ بینک کے باہر ہی پھینک کر دونوں ملزمین اپنی جان بچا کر بھاگنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
پولیس نے اس معاملے کی بڑی گہرائی سے تحقیقات کرتے ہوئے بالآخر رامچندرا عرف بوٹ راما عرف راما(۵۷سال)موہن کمار (۴۷سال) کوگرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پتہ چلا ہے کہ دونوں ملزمین بہت زیادہ قرض میں ڈوبے ہوئے تھے اور اپنے قرض کی ادائیگی کے لئے انہوں نے بینک لوٹنے کی سازش رچی تھی، جو ایک سنار کی حاضر دماغی کی وجہ سے پوری طرح ناکا ہوگئی اور انہیں سلاخوں کے پیچھے جانا پڑا۔
پولیس کمشنرٹی سریش اور دیگر اعلیٰ افسران کی نگرانی میں انجام دی گئی اس کارروائی میں سی سی بی کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر ویلنٹائن ڈیسوزا،سرکل انسپکٹر سنیل نائک،سب انسپکٹر شام سندرا اور دیگر اہلکاروں نے حصہ لیا۔