بنگلورو،یکم فروری(ایس اونیوز) مرکزی وزیر فائنانس ارون جیٹلی کی جانب سے پیش کردہ مرکزی بجٹ کا استقبال کرتے ہوئے پے ٹی ایم (PAYTM)کے بانی و سی ای او شیکھر شرما نے اسے ڈیجیٹل اکنانومی بجٹ قرار دیا۔انہو ں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ کے ہر شعبہ میں ڈیجیٹل کے موضوع کو آگے بڑھایا ہے ۔ چھوٹی دکانات کے ہر شخص سے لے کر ہر گاہک تک کو ڈیجیٹل اکنامی کی طرف بھیجا گیا ہے ۔ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال کیلئے ٹیکس کے فائدے ' ترغیبات ' ڈیجیٹل نقوش کی بنیاد پر قرضہ جات سے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فائدہ ہوگا۔لیبر کے شعبہ بشمول امکنہ ' زراعت اور ڈیری میں ترغیبات سے ایس ایم ایز کو مدد ملے گی ،تاکہ نئی ملازمتیں تشکیل دی جائیں۔ ملک کے مالیاتی نظام کو مستحکم کرنے کی سمت بینک این پی ایز کے ساتھ ساتھ بینک کے سرمایہ میں اضافہ پر توجہ ایک عظیم قدم ہے ۔ بالآخر انکم ٹیکس کی شرح میں تبدیلی سے مزید افراد کو فائدہ ہوگا۔ بہ حیثیت مجموعی اس بجٹ سے رسمی معیشت کے قدم کیلئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے گی اور اس سے فائدے ہوں گے ۔پارتھا آئینگر نائب صدر گارٹر فیلو انڈیا فار انڈین آئی ٹی سیکٹر نے کہا کہ بجٹ 2017 میں یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ حکومت نے مالیاتی ڈسپلن لایا ہے ۔