منگلورو ،17؍جولائی (ایس او نیوز)ضلع جنوبی کینرا میں گزشتہ دوتین مہینوں سے جاری بد امنی پر قابو پانے کے لئے حال ہی میں ضلع انچارج وزیررما ناتھ رائے کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر کی طرف سے بلائی گئی پیس میٹنگ میں جنوبی کینرا اور اڈپی ضلع کے مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم دی مسلم سنٹرل کمیٹی کو دعوت نہیں دی گئی تھی۔ ضلع انتظامیہ کے اس اقدام پر دی مسلم سنٹرل کمیٹی کے صدر جناب حاجی کے ایس محمد مسعود سخت اعتراض جتایا ہے۔
سابق ایم ایل سی محمد مسعود نے اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دی مسلم سنٹرل کمیٹی گزشتہ 49برسوں سے سرگرم عمل ہے۔اس کمیٹی کی طرف سے فرقہ وارانہ بھائی چارگی کے فروغ کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے۔اس بارے میں ضلع کے عوام پوری طرح آگاہی رکھتے ہیں۔ایسی متحرک تنظیم کو پیس میٹنگ میں شامل نہ کرنے کی وجوہات کیا ہیں یہ ہماری سمجھ سے باہر ہے اس کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو وضاحت کرنی ہوگی۔
جناب محمدمسعود نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کی جب منگلوروآمد ہوئی تھی ، تب انہوں نے بھی سنٹرل مسلم کمیٹی سے ملنے اور موجودہ حالات پر گفت وشنید کرنے کی ضرور ت محسوس نہیں کی تھی۔ لہٰذا اس کا سبب بتانے کے لئے ڈی سی کو مراسلہ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چیف سکریٹری حکومت کرناٹکا کو میمورنڈم بھی بھیجا گیا ہے جس میں اس اقدام کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کے موقع پر کمیٹی کے دیگر عہدیداران حاجی ابراہیم کوڈیجال، کے اشرف، حاجی حنیف، حمید کودرولی، سی ایم مصطفی، ابوبکر کودرولی وغیرہ موجود تھے۔