پٹنہ،20مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بہار میں دارالحکومت پٹنہ کے بورنگ روڈ چوراہے پر واقع جی وی مال میں سنیچر کی صبح شدید آگ لگ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر براگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس کے مطابق، آگ صبح قریب 4.45 بجے لگی۔ بورنگ روڈچوراہے پر واقع اس مال میں لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے چار منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے بعد مال واقع اسٹورز مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئے۔ اس شدید آگ سے کروڑوں روپے کی جائیداد کا نقصان ہواہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچی اور پھر دمکل گاڑیوں کو بلایا گیا، آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔ اس حادثے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس مال سے کچھ ہی فاصلے پر ایک پٹرول پمپ واقع ہے۔آگ لگنے کے واقعہ کے بعد پورے علاقے میں افراتفری کی صورت حال ہے۔